اسرائیل خلیج عدن اور بحیرہ احمر پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھ رہا ہے جو ایک مذاق اور جوک سے زیادہ کچھ نہیں ہے
حکومت یمن کے ترجمان:
نیوزنور 10 اگست/ حکومت یمن کے ترجمان نے یمن کی آبی حدود اور یمن کے اقتداراعلی کے خلاف کسی بھی طرح کی کارروائی کی بابت امریکہ اور اسرائیل کو سخت خبردارکرتے ہوئے کہا ہے کہ یمنی فوج کا جواب انتہائی سخت ہوگا۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ترجمان عبدالسلام جابر نے کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکارفورس کی دفاعی توانائیوں میں اضافہ ان ملکوں کے لئے کوئی خطرہ نہیں جو یمن کے اقتدار اعلی اور اس کے قانونی حق کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے آبنائے باب المندب اور بحیرہ احمر کی سمندری حدود کے بارے میں اسرائیلی وزیر عظم نتن یاہو کے حالیہ بیان کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل خلیج عدن اور بحیرہ احمر پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھ رہا ہے جو ایک مذاق اور جوک سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے ترجمان نے کہاکہ اگرچہ صیہونی ذرائع ابلاغ اسرائیل کو ناقابل شکست قراردے رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ اسرائیل بہت زیادہ کمزور و ناتواں ہے اور اسرائیل کی شکست یقینی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے باب المندب آبی گذرگاہوں میں ایک انتہائی اہم گذرگاہ ہے جو خلیج عدن میں واقع ہے اور یمن پرحملہ کرنے کا سعودی عرب کا ایک مقصد اس اہم آبی گذر گاہ پر کنٹرول کرنا تھا۔