ایران سے محاذآرائی علاقائی مسائل کے حل کیلئے خطرناک ہوگی
روسی وزیر خارجہ:
نیوز نور22دسمبر/ روی وزیر خارجہ نے ایران کے خلاف امریکہ کے منفی اقدامات پر انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی بحرانوں کے حل کے لئے ایران کے خلاف محاذ آرائی کرنا خطرناک اقدام ہوگا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق روسی وزیر خارجہ ’’سرگئی لاوروف‘‘نے ماسکو میں فلسطین اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران سے محاذآرائی علاقائی مسائل کے حل کیلئے خطرناک ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے بعض اتحادی ممالک ایران کے خلاف محاذ آرائی کے ذریعے مشرق وسطیٰ کے مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں جبکہ یہ ایک خطرناک اقدام ثابت ہوگا۔
روسی وزیر خارجہ نے اس بات پر انتباہ کیا کہ محاذ آرائی کا عمل انتہائی خطرناک ہوگا اور یہ بھی ممکن ہے کہ ایسی محاذ آرائی شیعہ سنی اختلافات میں بدل جائے جس کی وجہ سے مسئلہ فلسطین کا حل تاخیر کا شکار ہوگا۔
موصوف وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مشرق وسطیٰ کے مسائل کو دھمکیوں اور یکطرفہ خواہشات کو مسلط کرنے سے حل نہیں کیا جاسکتا بلکہ تمام اختلافات کو پُرامن طریقوں سے حل کرنا چاہئے۔
سرگئی لاوروف نےمزید مسئلہ فلسطین اور اس سے متعلق امریکی مؤقف پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ برسوں سے فلسطین سے متعلق صہیونیوں کے مفادات کا تحفظ کررہا ہے اور کسی بھی عمل میں وہ صرف اسرائیل کے فائدے کے لئے سوچتا ہے۔
- ۱۸/۱۲/۲۲