مغرب امریکہ کی قیادت میں شام کو تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے
وائی پی جے شام کے ترجمان:
نیوزنور11جنوری/شام کے کردوں پر مبنی عسکری تنظیم وائی پی جے کے ترجمان اورکمانڈر نے شام کو تقسیم کرنے کی سازشوں کی باپت خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شامی کرد بحران شام کے حل اور ملک کی ارضی سالمیت کا دفاع کرنے کیلئے دمشق حکومت کےساتھ مذاکرات کو تیار ہیں۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق روسی نیوز ایجنسی آر ٹی نے ’’نوری محمود ‘‘کے حوالے سے لکھا کہ شام کی ارضی سالمیت اورخودمختاری کردوں کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے اورہم شام کے سیاسی حل کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے شام کو تقسیم کرنے کی بعض طاقتوں کی سازشوں باپت خبردار کرتے ہوئے کہاکہ شام میں ترکی کی قابض افواج کے حملوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ دمشق کےساتھ ہمارے اندرونی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
اس سے قبل لبنان سے شائع ہونے والے الاخبار روزنامہ نے انکشاف کیا کہ انہیں امریکہ میں برطانوی سفارتخانے سے ایسے ایمیلز تک رسائی حاصل ہوئی ہےجن سے شام کو تقسیم کرنے کی امریکی سازش بے نقاب ہوئی ہے۔
روزنامہ نے لکھا کہ ان رپورٹوں کے مطابق امریکہ کی قیادت میں مغربی ممالک شام کو تقسیم کرنے اور اس ملک میں جاری جنگ کو مزید طول دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔