بن سلمان کا استقبال کرکےقوم کی توہین کی گئی
جمعیت علماء اہلحدیث پاکستان :
نیوزنور18فروری/سعودی ولیعہد کے دورہ پاکستان پر احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہےاور جمعیت علماء اہلحدیث پاکستان کے سربراہ نے کہا ہے کہ بن سلمان کا استقبال کرکےقوم کی توہین کی گئی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علماء اہلحدیث پاکستان کے سربراہ ’’قاضی عبدالقدیر خاموش‘‘ نے لاہور سے جاری ایک بیان میں کہا کہ سعودی شہزادے کا استقبال کرکے جمہوری قوم کی توہین کی گئی ہے۔
قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ ایک جابر اور آمر شخص کا کرفیو لگا کر استقبال کیا گیا ہے جس نے مقدس سرزمین سعودی عرب پر آمریت نافذ کر رکھی ہے ایسے شخص کے شاہانہ استقبال کی آئین اجازت دیتا ہے اور نہ ہی اخلاق۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کی سعودی عرب میں موجودگی صرف حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے ہی ہونی چاہیے، اسے کسی پڑوسی ملک پر چڑھائی اور اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔
قاضی عبدالقدیر خاموش نے کہا کہ وہ سلفی عقیدے سے تعلق رکھنے والے جمہوریت پسند ہیں، سعودی عرب میں جس انداز سے آل سعود کی خاندانی حکومت قائم ہے اس کی بنیادی انسانی حقوق اجازت دیتے ہیں اور نہ ہی اسلام محمد بن سلمان سعودی صحافی خاشقچی کے قتل میں ملوث ہے، ایسے شخص کا پاکستان میں استقبال شرمناک ہے۔
واضح رہے کہ بن سلمان کے دورے کی پاکستان کے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے نہ صرف مخالفت کی بلکہ اس کے خلاف بھرپور احتجاج بھی کیا۔
- ۱۹/۰۲/۱۸