امریکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے
ایرانی وزیر خارجہ:
نیوزنور18فروری/ ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ یورپی ملکوں کی جانب سے انسٹیکس کا قیام جامع ایٹمی معاہدے کو بچانے کے لیے اٹھایا جانے والا ایک معولی اقدام ہے۔
عالمی ار دوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق میونخ سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران اپنی سلامتی و استحکام اور ترقی و پیشرفت کے لیے کسی کا محتاج نہیں اور دنیا کی واحد قوم ہے جو صرف خود پر انحصار کرتی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے صراحت کے ساتھ کہا کہ ایران جامع ایٹمی معاہدے سمیت عالمی معاہدوں اور معاملات کے اخراجات اکیلے ادا نہیں کرے گا بلکہ یہ یورپ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کو بچانے کے تمام تر اخراجات برداشت کرے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایرانی عوام نے گیارہ فروری کو انقلاب اسلامی کی سالگرہ کے جشن میں بھرپور طریقے سے شرکت کرتے ہوئے مغربی ایشیا کے علاقے پر امریکی تسلط کا خواب چکنا چور کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو پچھلے چالیس برس کے دوران امریکہ کی جانب سے بے تحاشہ دباؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں جنگ، پابندیاں اور دہشت گردی بھی شامل ہے، وہ ایران کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کر سکا۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ آج امریکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ بن گیا ہے اور مغربی ایشیا کے علاقے میں عدم استحکام پھیلانے کا سب سے بڑا ذمہ درا بھی امریکہ ہے۔
ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے ایران اور خطے کے دیگر ملکوں کے خلاف امریکی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملے کے لیے سابق عراقی ڈکٹیٹر صدام کو ہتھیار فراہم کرنا، انتہا پسندی کی حمایت، فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات کی پشت پناہی، شام کی تباہی، یمنی عوام پر بمباری نیز لبنان اور شام کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی ایسے چیدہ چیدہ اقدامات ہیں جو امریکہ نے ایران کو قابو کرنے کے نام پر انجام دیئے ہیں۔
یران کے وزیر خارجہ نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر دہشت گردی کی حمایت کا الزام ایسے وقت میں جاری ہے جب عراق اور شام کے عوام کے ساتھ ایران کے تعاون کے نتیجے میں داعش اور دیگر دہشت گردنابود ہو گئے ہیں۔