عالمی جوہری ادارہ ہی ایران کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والا معتبر مرکز ہے
یورپی رہنما:
عالمی جوہری ادارہ ہی ایران کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والا معتبر مرکز ہے
نیوزنوریکم مئی/یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہاہے کہ ہماری نظر میں جوہری معاہدے پر ایران کی کارکردگی کے حوالے سے حتمی رائے دینے کا اختیار صرف عالمی جوہری توانائی ادارہ (IAEA) کو ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے‘‘نیوزنور’’کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے لیبیا میں چارفریقی اجلاس میں شرکت کے لئے مصرکے دارالحکومت قاہرہ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نظر میں جوہری معاہدے پر ایران کی کارکردگی کے حوالے سے حتمی رائے دینے کا اختیار صرف عالمی جوہری توانائی ادارہ (IAEA) کو ہے۔
انہوں نے ایران سے متعلق صہیونی وزیراعظم کے حالیہ دعوے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ عالمی جوہری ادارہ ہی ایران کی جوہری سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والا قابل اطمینان ذریعہ ہے۔
انہوں نے صہیونی وزیراعظم کے بیانات پر کہا کہ عالمی ادارہ کئی مرتبہ ایران کی کارکردگی کی تصدیق کرچکا ہے تاہم اگر کسی ملک کے پاس کوئی شواہد ہیں تو انھیں متعلقہ اداروں کے سپرد کریں۔
فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ جوہری معاہدے کا مقصد ایرانی سرگرمیوں میں سچائی اور شفافیت حاصل کرنا ہے جبکہ عالمی ادارے بھی اب تک 10 مرتبہ جوہری معاہدے سے متعلق ایران کی شفاف کارکردگی کی تصدیق کرچکا ہے.
یاد رہے کہ صہیونی وزیراعظم نے نام نہاد 'خفیہ ایٹمی فائلیں' افشا کی ہیں جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ ایران نے خفیہ طور پر ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کی تھی۔