ایران آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کا ضامن ہے
ترجمان پاسداران انقلاب اسلامی :
نیوزنور07اگست/ایرانی پاسداران انقلاب فورس آئی آر جی سی کے مرکزی ترجمان نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کا تعلق ایران کی علاقائی طاقت سے وابستہ ہے لہذا اس خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے کسی اقدام سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب فورس آئی آر جی سی کے مرکزی ترجمان ’’بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی‘‘نے تہران میں ایک مقامی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کا ضامن ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلیج فارس میں اگر اقدامات کئے جارہے ہیں تو یقینا اس کا مقصد آبنائے ہرمز کی امن و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران آبنائے ہرمز کی سلامتی کا ضامن ہے اور ہمارےسوا کسی اور فریق کی جانب سے اس حوالے سے بات کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ترجمان پاسداران انقلاب فورس نے مزید کہا کہ دشمن کو ایران کی طاقت کا اچھی طرح سے علم ہے لہذا وہ باتیں کرنے سے پہلے ہماری طاقت کا اندازہ لگالیتے ہیں اسی لئے وہ ہماری قابلیت کو دیکھ کر خوف کا شکار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پاسداران انقلاب فورسز نے گزشتہ ہفتے مسلح افواج کی دفاعی اور عسکری طاقت کو مزید بڑھانے کے لئے خلیج فارس میں مشقوں کا انعقاد کیا تھا۔
- ۱۸/۰۸/۰۷