یورپ کو ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں
پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر :
نیوزنور07اگست/پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر نے کہا ہے کہ یورپ کو ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر ’’جین فرانکوئس کاؤٹن‘‘ نے اسلام آباد میں پاکستان کے حالیہ انتخابات کی فاتح جماعت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ یورپ کو ایران اور پاکستان کے درمیان مشترکہ گیس پائپ لائن منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک،ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر یورپی یونین کو کوئی اعتراض نہیں بلکہ یورپی ممالک پاکستان کیلئے سرمایہ کاری حاصل کرنے میں نومنتخب حکومت کی معاونت کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق عمران خان کی جماعت تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ چکی ہےسرکاری رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف دیگر سیاسی جماعتوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔
قابل ذکر ہے کہ انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں عمران خان نے کہا تھا کہ طاقت میں آکر ایران سمیت چین اور افغانستان سے مزید بہتر تعلقات اولین ترجیح ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایران سے تعلقات میں مزید بہتری لائیں گے اس کے علاوہ پڑوسیوں سے بہتر روابط قائم اور لڑائیوں کے خاتمے پر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمان پارٹی نے اپنے چیئرمین عمران خان کو قومی اسمبلی میں پارلیمانی قائد اور وزیراعظم پاکستان کے عہدے کے لئے نامزد کردیا۔
- ۱۸/۰۸/۰۷