امریکی حکومت سے مذاکرات نا ممکن ہیں
خطیب جمعہ تہران:
نیوزنور04اگست/تہران کے خطیب جمعہ نے کہا ہے ایران امریکی حکومت اور امریکی صدر سے مذاکرات نہیں کرے گا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق تہران کے خطیب جمعہ ’’حجت الاسلام کاظم صدیقی‘‘ نے کہا کہ امریکی حکام اس لائق نہیں ہیں کہ ان سے مذاکرات کئے جائیں اوراگر کبھی مذاکرات کے بارے میں سوچا بھی گیا تو امریکہ کی موجودہ حکومت اور اس امریکی حکومت کے صدر سے مذاکرات تو بالکل ہی نہیں ہوں گے۔
انہوں نے ایران کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کی پیشکش کے بارے میں کہا کہ ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علحیٰدگی نے امریکہ کی موجودہ حکومت کے ساتھ ہر طرح کے مذاکرات کو ناممکن بنادیا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے پانچ اگست اسلامی انسانی حقوق کے دن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی حکام انسانی حقوق کے حامی نہیں ہیں اور جوکچھ اللہ نے مقرر کیا ہے وہی انسانی حقوق ہے اور سبھی انسانوں کے حقوق برابر ہیں۔
انہوں نے شام میں دہشتگردوں کے خلاف شامی فوج اور اسی طرح یمن میں جارح افواج کے مقابلے میں یمنی فوج اور عوامی رضاکارفوس کی کامیابی اور پیشقدمی کو آزادی کی فتح اور امریکہ و اسرائیل کی شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ جلد ہی سعودی عرب کے حمایت یافتہ دہشتگردوں پر آخری وار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے تیس جولائی کو دعوی کیا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ غیر مشروط مذاکرات کے لئے تیار ہیں - ٹرمپ نے یہ پیشکش ایک ایسے وقت کی ہے جب انہوں نے گذشتہ آٹھ مئی کو ایٹمی معاہدے سے امریکہ کے نکلنے اور ایران پر دوبارہ پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
- ۱۸/۰۸/۰۴