قومیت کا قانون منظور کرنے پر اسرائیل کا محاسبہ کیا جائے
عرب اتحاد:
نیوزنور03اگست/صہیونی ریاست میں عرب کمیونٹی کے نمائندہ عرب سیاسی الائنس نے صہیونی ریاست کی سرکاری پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی پارلیمان سے صہیونی ریاست کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق عرب مشترکہ اتحاد نے کہا ہے کہ اسرائیلی کنیسٹ نے صہیونی ریاست کو یہودیوں کا قومی وطن قرار دینے کا قانون منظور کر کے نسل پرستی کا ظالمانہ قانون منظور کیا ہے جس کے خلاف عالمی سطح پر سخت اقدامات اور اسرائیل کا محاسبہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اسرائیلی کنیسٹ کے عرب رکن یوسف جبارین نے بین الاقوامی پارلیمنٹ کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی کنیسٹ میں یہودی قومیت کا قانون بنیادی انسانی اقدار اور اپارتھائیڈ کے اصولوں کی توہین ہے۔
یوسف جبارین نے خبردار کیا کہ صہیونی ریاست نے یہودی قومیت کے کالے قانون کے ذریعے عرب زبان کا مقام ومرتبہ ختم کیااور صہیونی نسل پرستی کی حوصلہ افزائی کی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی کنیسٹ میں ایک نیا قانون منظور کیا گیا تھا جس میں اسرائیل کو پوری دنیا کے یہودیوں کا قومی ملک قرار دیا گیا اور اسرائیل میں بسنے والی دوسری اقوام کو یہودیوں سے کم تر درجہ دیا گیا ہے صہیونی ریاست کے اس ظالمانہ اور نسل پرستانہ قانون کی پوری دنیا میں شدید مذمت کی جا رہی ہے۔