شامی فوج اغیار کی شرپسندی اور دشمنی کے طوفاں کے مقابلے میں ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہے
شامی صدر:
نیوزنور02 اگست/ شام کے صدر نے ملک کی مسلح افواج کو اغیار کی شرپسندی اور دشمنی کے طوفاں کے مقابلے میں ایک سیسہ پلائی دیوار قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ فوج نے صیہونی امریکی سازشوں کو یکے بعد دیگرے ناکام بنادیا ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق شامی فوج کے بہترویں یوم تاسیس کے موقع پر فوجی جرید جیش الشعب کو انٹرویو دیتے ہوئے شامی صدر بشار اسد نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج نے دہشت گردوں اور ان کے علاقائی حامیوں کے مقابلے میں زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
شام کے صدر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یہ کامیابیاں سات سال کی قربانیوں اور فداکاری کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہیں، اور حمص سے لیکر پالمیرا تک اور حلب سے لیکر قلمون، دیر الزور سے لیکر غوطہ شرقی تک تمام علاقوں میں امن اور استحکام پیدا ہوگیا ہے اور دہشت گرد ذلیل و خوار ہوکے اپنے زیر قبضہ علاقوں سے بھاگ نکلنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
صدر بشار اسد نے فوجی جوانوں کو مخاطب کرتے کہا کہ ملک کی مسلح افواج کے جوان ہی اس سرزمین کے محافظ اور دفاع وطن کا مضبوط حصارہیں-
شام کے صدر نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ شام کے بعض علاقوں پر تکفیری دہشت گردوں کا قبضہ دراصل اسرائیلی امریکی سازش کا ایک حصہ تھا جسے شام کی مسلح افواج نے بری طرح ناکام بنادیا ہے۔