فلسطینی پناہ گزینوں کو بچانے کے لیے عالم گیر تحریک چلانے کی اشد ضرورت ہے
پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے قائم کردہ عالمی مہم کے رابطہ کار:
نیوزنور27جولائی/فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے قائم کردہ عالمی مہم کے رابطہ کار نےکہا ہے کہ امریکہ اور بعض دوسرے ممالک کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کے مالی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے بعد جہاں ایک طرف فلسطینی پناہ گزین اور ان کی بہود کے ذمہ دار ادارے اونروا کو مالی مشکلات کا سامنا ہے وہیں دوسری جانب فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر آواز بھی بلند کی جا رہی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے قائم کردہ عالمی مہم’ واپسی میرا حق‘ کے رابطہ کار’’ احمد الحاج علی ‘‘نے کہا ہے کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کےتحفظ کے لیے عالمی سطح پر مہم چلانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کی تعلیم، صحت، سماجی بہود اور دیگر بنیادی حقوق سلب کئےجا رہے ہیں عرب ممالک اور مسلم دنیا سمیت انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے بین الاقوامی اداروں کو فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کا ہر ممکن دفاع کرنا چاہیے۔
موصوف رابطہ کار نے کہا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے نہ صرف قضیہ فلسطین بلکہ فلسطینی پناہ گزینوں کے مستقبل اور ان کے مسلمہ حقوق کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔
انہوں نے اونروا کی طرف سے فلسطینی ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق پر ڈاکہ زنی قرار دیا۔
الحاج علی نے مزید کہا کہ صہیونی ریاست اورامریکہ کی طرف سے اونروا کو انتقام کا نشانہ بنائے جانے کے باعث پانچ لاکھ فلسطینی طلباء کا مستقل مخدوش ہوگیا ہے۔
واضح ر ہے کہ امریکہ کی طرف سے فلسطینی پناہ گزینوں کی 300 ملین ڈالر کی مالی امداد بند کرنے کے اقدام کے بعد اونروا کو شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث ادارے نے سینکڑوں فلسطینی ملازمین کو نکال دیا ہے۔