فلسطینی قوم کا دفاع قومی فریضہ ہے اور حماس اس فریضے کی انجام دہی کی کوششیں جاری رکھے گی
تحریک مقاومت حماس کے ترجمان:
نیوزنور27جولائی/اسلامی تحریک مقاومت حماس کے ترجمان نے صہیونی ریاست کی طرف سے غزہ پٹی پر وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کی شہادت پر سخت غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس صہیونی ریاست کے جرائم پر خاموش تماشائی نہیں رہے گی بلکہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان’’ فوزی برھوم‘‘ نے صہیونی ریاست کی طرف سے غزہ پٹی پر وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کی شہادت پر سخت غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حماس صہیونی ریاست کے جرائم پر خاموش تماشائی نہیں رہے گی بلکہ دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینی قوم کا دفاع قومی فریضہ ہے اور حماس اس فریضے کی انجام دہی کی کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے غزہ پٹی میں گذشتہ روز اسرائیلی جارحیت کہ جس میں جماعت کے عسکری شعبے سے وابستہ تین مجاھدین شہید اور متعدد زخمی ہوگئے تھےکی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی پر فضائی حملوں کےساتھ ساتھ توپ خانے سے بھی شدید گولہ باری کی قابض فوج کی طرف سے غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مقاومت حماس کے عسکری ونگ کے سات مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ غزہ کی مشرقی سرحد پر فلسطینیوں کی فائرنگ سے متعدد اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے تھےجن میں سے ایک کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہےاور زخمی اسرائیلی فوجیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق قابض فوج نے غزہ پٹی کے مشرق میں ملکہ کے مقام پر بم باری کی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید اور ایک زخمی ہوگیا شہید ہونے والوں کی شناخت 28 سالہ احمد منیر سلیمان البسوس، 29 سالہ عبادہ اسعد خضر فروانہ اور 27 سالہ محمد توفیق محمد العرعیر کے ناموں سے کی گئی ہے اورتینوں کا تعلق مشرقی الشجاعیہ کالونی سے ہے۔
- ۱۸/۰۷/۲۷