امریکہ ناقابل اعتبار پارٹنر ہے
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان :
نیوزنور25جولائی/چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ باہمی اختلافات کے خاتمے کے لیے امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق بیجنگ میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان’’ گینگ شوانگ‘‘ نے کہا کہ امریکہ نے بارہا ثابت کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین کا پابند نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی طرح کے مذاکرات میں پہلی شرط فریق مقابل کا اعتبار ہوتا ہے اور امریکہ ناقابل اعتبار ہو گیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکی صدر کی جانب سے چینی مصنوعات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی دھمکیوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انکا ملک اس قسم کی دھونس اور دھمکیوں میں آنے والا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے بارہا اعلان کیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ تجارتی جنگ نہیں چاہتا لیکن اس میدان میں امریکہ کے ساتھ جنگ سے ڈرنے والا بھی نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر کی جانب سے چین سے اسٹیل اور المونیئم کی درآمد پر پچیس فی صد اور دس فی صد ٹیکس عائد کیے جانے کے بعد سے چین اور امریکہ کے درمیان تجارتی جنگ جاری ہے اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ اس میں مزید شدت آتی جا رہی ہے۔