عن قریب 17 لاکھ شامی مہاجرین گھروں کو لوٹ جائیں گے
روسی وزارت دفاع:
نیوزنور21 جولائی/روسی وزارت دفاع نے کہا ہےکہ ان کی حکومت شام میں لڑائی کے دوران نقل مکانی کرنے والے شہریوں کی بحالی اور دوبارہ آباد کاری کے پروگرام پرکام کررہی ہےاور عن قریب سترہ لاکھ شامی مہاجرین اپنے آبائی علاقوں کولوٹ سکیں گے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق روسی وزارت اطلاعات نے وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان کے حوالے سے کہاکہ ماسکو نے شامی پناہ گزینوں کی گھروں کو واپسی کے لیے تفصیلی تجاویز واشنگٹن کو ارسال کردی ہیں اور ان پناہ گزینوں کی واپسی کے حوالے سے حال ہی میں صدر ولادی میر پوتین اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اتفاق رائے کیا گیا تھا۔
وزارت دفاع کے مطابق کہ شامی مہاجرین کی علاقوں کو واپسی کے بارے میں تفصیلی معلومات اور تجاویز امریکا کو بھی مہیا کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی اور روسی صدور نے گذشتہ سوموار کو فن لینڈ کے صدر مقام ھلسنکی میں ملاقات کی تھی تاہم ان کے درمیان ہونے والی بات چیت میں شام کے بارے میں کسی اتفاق رائے کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم روسی وزرات دفاع کا کہنا ہے کہ امریکا کی کوششوں سے عن قریب سترہ لاکھ شامی شہریوں کو گھروں کو واپس بھیجا جائے گا۔