امریکہ اور صیہونی حکومت کو چھوڑ کر ہم دنیا کے سبھی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے خواہاں ہیں
خطیب جمعہ تہران:
نیوزنور21 جولائی/تہران کے خطیب جمعہ نے امریکہ اور اسرائیل کو چھوڑ کر برابری اور دوطرفہ احترام کی بنیاد پر دنیا کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کی برقراری کو اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے عین مطابق قراردیاہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق تہران کے خطیب جمعہ ’’آیت اللہ سیداحمد خاتمی ‘‘نے کہا کہ لاشرقیہ اور لاغربیہ کے نعرے کا مطلب یہ ہے کہ مشرق و مغرب کو ہم پر مسلط ہونے کا حق نہیں ہے اور ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے لیکن دنیا کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کی برقراری آئین کے عین مطابق ہے ۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ اگر رہبرانقلاب اسلامی اپنا نمائندہ روس بھیجتے ہیں یا چین اور ہندوستان سے ہم اچھے تعلقات برقرار کر رہے ہیں تو یہ مکمل طور پر آئین کے مطابق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اگرامریکا اور یورپ یہ دیکھیں گے ہم بند گلی میں ہیں تو وہ ہم پردباؤ بڑھانے کی کوشش کریں گے اس لئے عزت حکمت اور مصلحت کی سیاست کی بنیاد پر ہم پوری دنیا کے ساتھ دوطرفہ احترام اور مساوات کی بنیاد پر تعلقات برقرار رکھیں گے ۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کو چھوڑ کر ہم دنیا کے سبھی ملکوں کے ساتھ تعلقات کے خواہاں ہیں۔
آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب اور غیر قانونی صیہونی حکومت ہے اور امریکہ سے بھی جب تک وہ انسان نہیں بن جاتا ہم تعلقات برقرار نہیں کریں گے اور امریکہ نے ابھی تک انسان بننے کاکوئی ثبوت بھی نہیں دیا ہے۔