امریکہ میں تارکین وطن کے بچوں کوٹارچر کا نشانہ بنایا جارہا ہے
امریکی اخبار:
نیوزنور20 جولائی/ ایک معروف امریکی اخبار نے لکھا ہے کہ امریکہ میں تارکین وطن کے بچوں کوٹارچر کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘ کی رپورٹ کے مطابق ہافنگٹن پوسٹ نے تارکین وطن کے بچوں کی والدین سے علیحدگی کے بعد بچوں کو ٹوائلیٹ کے نلکوں سے پانی پینے اور انہیں زبردستی برہنہ کرنے جیسے معاملات کی خبریں شائع کی ہیں۔
روزنامہ نے ایک انسانی حقوق کارکن کے حوالے سے لکھا ہے کہ ان بچوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا ہے وہ ایذا رسانی کے مترادف ہے اور ہم جبری طور پر بھوکا، پیاسا رکھنے اور نیند سے محروم کرنے جیسے اقدامات کا بھی مشاہدہ کر رہے ہیں۔
دوسری جانب روزنامہ نیویارک ٹائمز نے بھی اپنی رپورٹ میں خواتین تارکین وطن کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات کا انکشاف کیا ہے۔
روزنامہ نے لکھا ہے کہ امریکہ کی ہوم لینڈ سیکورٹی کی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق پچھلے دس سال کے دوران ہزاروں تارکین وطن کو اپنی حراست کے دوران جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تارکین وطن کے خلاف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیرو ٹالرنس پالیسی پر امریکہ کے اندر اور باہر کڑی نکتہ چینی کی جارہی ہے۔