یورپی یونین ایٹمی معاہدے کے تحت ایرانی مفادات کی ضمانت دینے کو تیارہے
فیڈریکا موگرینی:
نیوزنور81جولائی/یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج نے کہا ہے کہ یورپی یونین ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کے مفادات کی ضمانت دینے کو تیار ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ ایران کے ساتھ اقتصادی چینل کھلے رکھے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے ایران کے ساتھ اقتصادی چینل کھلے رکھے جانے کے طریقہ کار کو دلچسپ قرار دیتے ہوئےکہا یہ کام اس بات کی ضمانت فراہم کرسکتا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے کے فوائد حاصل کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایٹمی معاہدے کو اپنی ، علاقے اور دنیا کی سلامتی کے حوالے سے اہم سمجھتی ہے لہذا اس کو باقی رکھنے کے لیے جوکچھ اس کے بس میں انجام دینے کے لیے ہوگا وہ اس کے لئے تیار ہے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایٹمی معاہدے کا ٹوٹنا کسی سانحے سے کم نہیں ہوگا۔
دوسری جانب یورپی کونسل کے صدر نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی روک تھام سے متعلق قانون کو وقت کے تقاضوں سے ہماہنگ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یورپی یونین کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی کونسل کے اس فیصلے کا مقصد یہ ہے کہ سات اگست کو ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے پہلے مرحلے کے آغاز سے پہلے پہلے، یورپی قوانین کو وقت کے تقاضوں سے ہماہنگ کرلیا جائےیورپی ملکوں کے وزرائے خارجہ نے برسلز میں پیر کے روز ہونے والے اجلاس میں ایران مخالف امریکی پابندیوں کے سلسلے میں جامع قانون کو وقت کے تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کی منظوری دے دی ہے۔