امریکہ یورپی اتحادیوں کو نقصان پہنچانے سے باز رہے
جرمن وزیر خارجہ:
نیوزنور16جولائی/جرمنی کے وزیر خارجہ نے ٹرمپ کی طرف سے جرمنی سمیت تمام یورپی ملکوں کے فوجی بجٹ میں اضافےکے مطالبےپر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر کو خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ یورپی اتحادیوں کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے وزیر خارجہ’’ ہیکوماس‘‘ نے ٹرمپ کی طرف سے جرمنی سمیت تمام یورپی ملکوں کے فوجی بجٹ میں اضافےکے مطالبےپر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یورپی اتحادیوں کو نقصان پہنچانے سے باز رہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے غیر دانشمند فیصلوں سےجرمن سیاستدانوں میں امریکہ کے حوالے سے بد اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔
موسوف وزیر خارجہ نے کہا کہ اپنے ساتھیوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کرنے والا آخر کار خود بھی نقصان اُٹھاتا ہے۔
روسی اور امریکی صدور کی ملاقات کے بارے میں جرمن وزیرخارجہ نے کہا کہ ٹرمپ کو متحدہ یورپ کی جانب سے روسی صدر کے ساتھ کسی سمجھوتے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ واشنگٹن کے یکطرفہ سمجھوتوں سے یورپی اتحادیوں کا نقصان پہنچے گا۔
قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بریسلز میں نیٹو کے اجلاس سے پہلے اور بعدمیں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی حکومت امریکی ٹیکس دھندگان کے پیسےیورپ کی سیکورٹی پر خرچ نہیں کرے گی کیونکہ یورپ خود اپنی سیکورٹی پر ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کرتاہے ٹرمپ نے جرمنی سمیت تمام یورپی ملکوں کے فوجی بجٹ میں اضافے کا مطالبہ کیا تھا جس پر جرمن سیاستدانوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ ٹرمپ کے بیان کے ردعمل میں جرمنی کے سینیئر سیاستداں اور سابق وزیر خارجہ سگمارگیبرل نے کہا کہ اگر ڈونالڈ ٹرمپ فوجی اخراجات کی مد میں خرچ کی جانے والی امریکی رقم واپس لینے کے خواہاں ہیں تو جرمنی بھی اپنے اربوں ڈالر کی واپسی کا مطالبہ کرتا ہے جو اس نے عراق میں امریکہ کی ناکام فوجی مداخلت کے نتیجے میں پیدا ہونے والے تارکین کے بحران پر قابو پانے کے لیے خرچ کی ہے۔
واضح رہے کہ جرمنی کی سوشلسٹ ڈیموکریٹک پارٹی کے جنرل سیکریٹری لارس کلینگ بائل نے جرمن چانسلر پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی صدر کے ہاتھ کا کھلونا نہ بنیں بلکہ ٹرمپ کے مطالبات کے سامنے پوری قوت کے ساتھ ڈٹ جائیں۔