ایرانی حکومت و عوام امریکی سازشوں کو ناکام بنانے کی توانائی رکھتے ہیں
رہبرمعظم انقلاب اسلامی:
نیوزنور16جولائی/رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت ضروری اقدامات انجام دے کر مشکلات پر غلبہ پانے کے ساتھ ساتھ امریکہ کی سازشوں کو ناکام بناسکتی ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق رہبرمعظم انقلاب اسلامی ’’آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای‘‘ نے ایرانی صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور ان کی کابینہ کے ارکان سے اپنے خطاب میں فرمایا کہ ایران کی حکومت ضروری اقدامات کی انجام دہی کی صورت میں مشکلات پر قابو اور امریکی سازشوں کو ناکام بناسکتی ہے۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی نے یورپ کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے مؤقف کو مضبوط اور مقتدر قراردیتے ہوئے فرمایا کہ اغیار بالخصوص امریکہ کے مقابلے میں اپنی عظمت و وقار کا اظہار ضروری امر ہے اور یہ کام برمحل، دوٹوک اور ٹھوس و بھرپور طریقے سے انجام پانا چاہئے ۔
آپ نے فرمایا کہ یورپی فریقوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کے تعلق سے ضروری ضمانت فراہم کریں لیکن ملکی معیشت کو اسی مسئلے سے ہی مربوط نہیں کردینا چاہئے۔
آپ نے فرمایا کہ ملک کی توانائیوں اور وسائل سے استفادہ کرتے ہوئے معاملات کو پوری سنجیدگی اور دلجمعی کے ساتھ انجام دینے کی ضرورت ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سفارتکاری اور دوسرے ممالک سے تعلقات میں روز افزوں توسیع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ امریکہ جیسے چند ایک ممالک کو چھوڑ کر مشرق و مغرب کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ اور بامقصد سفارتکاری کو مہمیز دے کر اس میں تحرک و جنب و جوش پیدا کیاجائے۔
آپ نے مستحکم اور مضبوط اقتصاد و معیشت کا روڈ میپ تیار کرنے پرتاکید کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر معیشت کا روڈ میپ تیار کرلیا جائے توایسے میں عوام اور اقتصادی میدان میں کام کرنے والوں کو اپنی ذمہ داریوں کا علم ہوگا اور پھر امن و استحکام کا احساس کرکے وہ حکومت کی مدد میں آگے آئیں گے۔
رہبرمعظم انقلاب اسلامی نےمزید فرمایا کہ ملکی اور حکومتی امور کی انجام دہی اور مشکلات پر قابو پانے کے لئے انقلابی جذبہ، شجاعت اور عزم محکم لازم ہے اور اسی جذبے سے ہی ہر طرح کے مسائل پر غلبہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔
- ۱۸/۰۷/۱۶