سعودیہ ا ور امارات مسلمانوں پر امریکہ و اسرائیل کی بالادستی کی پالیسی پر گامزن/ امت مسلمہ کی دولت و ثروت کفار کو ادا کی جارہی ہے
انصاراللہ کے سربراہ:
نیوزنور14 جولائی :انصار اللہ یمن کے سربراہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور امارات خطے میں اسلامی ممالک کے برخلاف مسلمانوں پر امریکہ اور اسرائیل کی بالا دستی قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں جبکہ اپنی بدترین اقتصادی صورتحال کے باوجود امت مسلمہ کی دولت و ثروت کو کفار کے حوالے کرنے میں مصروف ہیں۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی اسلامی تنظیم انصار اللہ کے سربراہ ’’ عبدالملک الحوثی ‘‘نے کہا کہ سعودی عرب اور امارات اپنے بجٹ خسارے کے باوجود امریکہ کو سیکڑوں ارب ڈالر اسلامی دولت اور ثروت ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ امریکہ اور اسرائیل کی اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ دشمنی سب کے سامنے نمایاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب امت مسلمہ کی دولت اور ثروت کو امریکہ کے قدموں میں لٹا کر امریکی اور اسرائیلی کفار کو مدد فراہم کررہا ہےامریکہ اور اسرائیل نے سعودی عرب کے ذریعے امت مسلمہ پر تسلط قائم کرنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جو عراق، شام اور یمن میں ناکام ہوگیا ہے جبکہ سعودی عرب کے ناپاک عزائم دیگر اسلامی ممالک میں بھی شکست اور ناکامی سے دوچار ہیں۔
عبد الملک الحوثی نےکہا کہ امریکہ اور اسرائیل کو سعودی عرب جیسی ایک ایسی امت چاہیے جو ہمیشہ ان کے زیر اثر اور زیر نظر ہواور وہ امت مسلمہ کو مستقل نہیں دیکھنا چاہتے وہ بیت المقدس کی آزادی کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور امارات اسلامی ممالک پر امریکہ اور اسرائیل کی بالا دستی قائم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں اور ہم خطے میں امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کی پالیسی کے خلاف ہیں، سعودی عرب خطے میں امریکہ اور اسرائیل کا سب سے بڑا اتحادی ملک ہے جو اسلام اور مسلمانوں کی پشت میں خنجر گھونپ رہا ہے۔