امریکہ اپنے اتحادیوں کی قدر کرے جواب زیادہ نہیں رہے
یورپی یونین کے صدر:
نیوزنور12 جولائی/ یورپی یونین کے صدر نے کہا ہے کہ امریکہ اپنے اتحادیوں کی قدر کرے جواب زیادہ نہیں رہے ہیں۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے صدر’’ ڈونلڈ ٹسک ‘‘نے امریکی صدر کے نیٹو سمٹ کے لئے برسلز پہنچنے سے قبل اپنی ایک ٹویٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اپنے اتحادیوں کی قدر کرے جو اب اس کے پاس بہت زیادہ نہیں رہے ۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس یورپ سے اچھا اتحادی نہ ہے اور نہ ہو گا ۔
انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے یورپ کو روزانہ کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنانے کی روش پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ یہ یورپی افواج تھیں جنہوں نے 11 ستمبر کو امریکہ پر ہونے والے حملوں کے بعد اس کے ساتھ مل کر افغانستان میں لڑائی لڑی اور ہلاکتیں برداشت کیں ۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پرکہ یورپ نیٹو میں اپنے دفاع کے لئے زیادہ رقم مختص کرے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یورپ دفاع پر روس سے زیادہ اور چین کے تقریباً مساوی خرچ کررہا ہے ۔
واضح رہے کہ ان دنوں امریکی صدر ٹرمپ کی غیر سنجیدہ پالیسیوں کے خلاف جہاں چین ، روس اور دوسرے ممالک امریکہ کے مد مقابل آ گئے ہیں وہیں امریکہ کے اتحادی ممالک خاص طور سے یورپی یونین نے بھی امریکی صدر کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے امریکہ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے اس لئے کہ عالمی سطح پر وہ گوشہ نشینی کا شکار ہو رہا ہے۔