میانمار میں بدھسٹ حکمرانوں اورفوجی حکام کی جانب سے روہنگیائی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں
اسلامی انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ:
نیوزنور12 جولائی/ایک برطانوی تجزیہ کار اوراسلامی انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ نے کہا ہے کہ اقلیتی روہنگیائی مسلمانوں کے خلاف جرائم میں ملوث برمی حکومت کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمہ چلائے جانے کی ضرورت ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں ’’مسعود شاد جارح‘‘نےکہاکہ اقلیتی روہنگیائی مسلمانوں کے خلاف جرائم میں ملوث برمی حکومت کے خلاف بین الاقوامی عدالتوں میں مقدمہ چلائے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ روہنگیائی مسلمانوں کی نسل کشی کو روکنے کیلئے بین الاقوامی برادری اوربین الاقوامی عدالتوں کی طرف سے ٹھوس اقدام کئے جانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ بدھسٹ حکمرانوں اور فوجی حکام کی جانب سے روہنگیائی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔
موصوف تجزیہ نگار نے کہاکہ اقلیتی روہنگیائی مسلمانوں کی بستیوں کو آگ لگائی جارہی ہے ان کی نسلی صفائی کے منصوبے پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے ان کی عورتوں کی عصمتوں کو تار تار کیا جارہا ہے ان کے معصوم بچوں تک کو بخشنے کیلئے یہ درندے تیار نہیں ہیں اورانہیں فرار تک کا موقع فراہم نہیں کیا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جو روہنگیائی مسلمان راخین ریاست میں سرکاری پشت پناہی سے نسلی صفائی سے متاثر ہوئے ہیں اورجو وحشیانہ مظالم کی وجہ سے وہاں سے فرار ہوکر اپنے اوراپنے افراد خاندان کیلئے کہیں گوشہ عافیت تلاش کرنے نکلنے کی کوشش کرتے رہے ہیں انہیں بھی بخشا نہیں گیا اورانہیں بھی پکڑ پکڑ کر موت کے گھاٹ اُتاردیاگیا ہے۔
انسانی حقوق کا دم بھرنے والے ممالک کو روہنگیائی مسلمانوں پر ہونے والے مظالم نظر نہیں آ رہے ہیں ۔ چاہے وہ امریکہ ہو یا برطانیہ ہو یا کوئی اور ممالک ہوں سبھی نے روہنگیائی مسلمانوں کے تعلق سے آنکھیں بند کرلی ہیں۔ ان ممالک کی مجرمانہ خاموشی نے روہنگیائی مسلمانوں کا عرصہ حیات مزید تنگ کردیا ہے ۔ بدھسٹ دہشت گردوں کے حوصلے بلند کردئے ہیں۔ اقوام متحدہ نے یہ تو تسلیم کیا ہے کہ میانمار میں روہنگیائی مسلمانوں کے نسلی صفائی کی مہم چل رہی ہے اور اس کو روکا جانا چاہئے لیکن اس نے صرف بیان بازی سے کام لیا ہے اور عملی میدان میں اس کی بے بسی سب پر عیاں ہے ۔ یہ حقیقت سب جانتے ہیں کہ امریکہ ہی اقوام متحدہ کو چلاتا ہے اور وہ خود نہیں چاہتا کہ مسلمانوں کے حق کیلئے کوئی آواز اٹھے۔