ایران مستقبل میں ترقی کیلئے ایک اہم گیٹ وے ہے
پاکستانی تاجر:
نیوزنور09جولائی/اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور صنعت کے صدر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران مسلم ممالک کے لئے ایک گیٹ وے ہے اور پاکستان بھی ایران میں موجود اقتصادی مواقعوں سے فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوز نور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور صنعت کے صدر ’’شیخ عامر وحید ‘‘نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مسلم ممالک کے لئے ایک گیٹ وے ہے اور پاکستان بھی ایران میں موجود اقتصادی مواقعوں سے فائدہ حاصل کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان دو ہمسایہ اور برادر ممالک ہیں اور دونوں کو چاہیے کہ وہ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار اور تجارت کے شعبوں میں باہمی حجم کو مزید بڑھا سکتے ہیں اور اس حوالے سے بہت سے مواقع موجود ہیں۔
پاکستانی تاجر نے کہا کہ پاکستان ایران کو چاول سمیت بہت سی دیگر اشیا جیسے آم، ٹیکسٹائل مصنوعات اور آلات جراحی وغیرہ برآمد کر سکتا ہے اور اسی طرح ایران پاکستان کو خام مال برآمد کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان دیگر ممالک سے تیل کافی مہنگے داموں خرید رہا ہے اور اگر پاکستان تیل ایران سے خریدنا شروع کرے وہ اس کی قیمت نہایت کم ہو گی جو کہ معاشی ترقی کے لئے ایک اہم سنگ میل ہو گا۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور صنعت کے صدر نے مزیدکہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ ناگزیر ہے اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم میں کئی گنا کا اضافہ ممکن ہو سکتا ہے۔