افغانستان میں خوں ریزجھڑپیں/فضائی حملے میں 30 ہلاک
افغان پولیس ترجمان:
نیوزنور 05 جولائی /افغان پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان کے مختلف صوبوں میں خوں ریز جھڑپوں اور فضائی حملوں میں 30 افراد ہلاک ہوگئے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان ’’حشمت اللہ ستانکزئی‘‘ نے کہا کہ کابل کے نواحی ضلع سروبی کے علاقے ناغلو میں مسلح طالبان نے افغان سکیورٹی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افغان فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ مغربی صوبہ فاریاب کے ضلع شیرین تغاب میں طالبان نے افغان فورسز پر اچانک دھاوا بول کر 8 افغان کمانڈوز کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی صوبہ ہلمند کے اضلاع گرم سر اور ناوا میں امریکی فوجیوں نے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر شدید بمباری کی جس کے نتیجے میں 7 طالبان ہلاک ہوگئے جبکہ مغربی صوبہ فراہ کے ضلع بالا بولوک میں امریکی فوجیوں نے افغان فورسز سے چھینی گئی بکتر بند گاڑی پر فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4 طالبان شدت پسند ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک کے علاقے آدم خان میں گزشتہ شب سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
دریں اثنا صوبہ فریاب میں سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے مابین تصادم میں 2 افراد ہلاک اور 7 دیگر زخمی ہوگئے ۔
- ۱۸/۰۷/۰۵