روہنگیائی مسلمانوں کا واپس لوٹنا ابھی خطرے سے خالی نہیں
آئی سی آر سی کے صدر:
نیوزنور03جولائی/بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس آئی سی آر سی کے صدر نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش کے پناہ گزین کمیپوں میں مقیم روہنگیائی مسلمانوں کا میانمار کے صوبےرخائن میں اپنے آبائی علاقوں کو واپس لوٹنا ابھی خطرے سے خالی نہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی کمیٹی برائے ریڈ کراس آئی سی آر سی کے صدر’’ پیٹر موریر‘‘نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ بنگلہ دیش کے پناہ گزین کمیپوں میں مقیم روہنگیا ئی مسلمانوں کا میانمار کے صوبے رخائن میں اپنے آبائی علاقوں کو واپس لوٹنا ابھی خطرے سے خالی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے حالیہ دورہ رخائن میں انہوں نے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران میرے مشاہدے میں اُجڑے ہوئے گاؤں، برے حالات کا شکار بازار، ذریعہ معاش کا فقدان سامنے آیا جس کے باعث میرے خیال میں پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے ابھی صورتحال سازگار نہیں۔
پیٹر موریرنے مزید کہا کہ روہنگیائی مسلمانوں کے خلاف پرتشدد کارروائیاں اصل میں روہنگیا ئی مسلمانوں کے خلاف نسل کشی کا اقدام تھا جو کئی سالوں سے میانمار میں مقیم تھے لیکن شہریت سے اب تک محروم ہیں اور انہیں بنگلہ دیش سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کے طور پر ہی دیکھا جاتا ہے جبکہ ان کے پاس وہاں کی شہریت بھی نہیں۔
قابل ذکر ہے کہ میانمار کی جانب سے پہلے ہی کہا جا چکا ہے کہ وہ 7 لاکھ روہنگیا ئی پناہ گزینوں کو واپس لینے کو تیار ہے جو گزشتہ برس اگست سے بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کر گئے تھے اس سلسلے میں میانمار حکومت کی جانب سے رخائن کی سرحد پر پناہ گزینوں کو وصول کرنے کے لیے 2 عارضی استقبالیہ کیمپ بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور میانمار کے درمیان گزشتہ برس نومبر میں روہنگیائی مسلمانوں کی واپسی کا سمجھوتہ طے پایا تھا تاہم اکثریت اپنی حفاظت، شہریت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی یقین دہانی کے بنا لوٹنے کو تیار نہیں ہے۔