علاقائی حالات مقاومتی محاز کے حق میں تبدیل/ہم علاقے میں تکفیری دہشتگردوں کی شکست فاش کا نظارہ کررہے ہیں
سیدنا مقاومت سید حسن نصراللہ :
نیوزنور30جون/لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ علاقے میں رونما ہونے والی تبدیلیاں مقاومتی بلاک کے حق میں ہیں اور شام میں مسلح دہشتگرد گروہوں کو ذلت آمیز شکست ہورہی ہے ۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل’’سید حسن نصرالله‘‘ نے اپنے خطاب میں علاقائی حالات کو مقاومتی بلاک کے حق میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ علاقائی صورتحال سے غلط فائدہ اُٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں چاہئیے کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور اس قسم کے اقدامات سے گریز کریں۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نےشام کی صورتحال اور دہشتگردوں کی شکست کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ شام کی جنگ در اصل علاقے اور مستقبل کی جنگ ہے اور ہم شام میں دہشتگردوں کو ہونے والی شکست فاش کا نظارہ کر رہے ہیں۔
سید حسن نصرالله نے شام میں امن و امان کی صورتحال کے بہتر ہونے اورشامی مہاجرین کی واپسی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ اس حوالے سے ہر قسم کی مدد و تعاون کیلئے تیار ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے شام کی سرحد پر مقاومتی گروہوں پر فضائی حملوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق و شام کی سرحد پر اس قسم کےحملوں کا جواب دیا جائیگا۔
سید حسن نصرالله نے اپنے خطاب میں جوہری معاہدے سے امریکہ کے نکلنے پر کہا کہ اس معاہدے سے امریکہ کا انخلاء ایران کو دھمکی اور ایران پر پابندیاں در اصل فلسطین کے مسئلے کا حساب چکانے کے سلسلے میں امریکی منصوبے کا حصہ ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل نے لبنان میں حکومت کی تشکیل میں لیت و لعل سے کام لینے پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ دولت بنانے میں تاخیرمعیار کو مدنظر نہ رکھنے کی وجہ سے ہو رہی ہے۔
سیدنا مقاومت سید حسن نصر اللہ نے مزید کہا کہ وزارتوں کی تقسیم پارلیمانی انتخابات کے نتائج اور سیاسی جماعتوں میں عوامی مقبولیت کی بنیاد ہونی چاہئیے اور سیاسی جماعتوں کو اپنے مطالبات پر نظر ثانی کرنی چاہئیے تا کہ لبنان میں جلد از جلد حکومت تشکیل دی جاسکے۔