دہشتگردوں کے خلاف ایران کی جنگ نے دنیا کو دہشتگردی کے خطرات سے نجات دلائی
خطیب جمعہ تہران:
نیوزنور30جون/تہران کے خطیب جمعہ نے امریکہ اور اس کے حامیوں کے ایران مخالف اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ایران کی عزت و سربلندی کے مورچوں پر حملے کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق تہران کے خطیب جمعہ’’حجت الاسلام کاظم صدیقی‘‘ نے تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطبوں میں دشمن کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کو سمجھنے اور ہوشیار رہنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی عوام دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ میزائل ٹیکنالوجی اور دوسرے سائنسی میدانوں میں ایران کی ترقی و پیشرفت سے دشمن بوکھلایا ہوا ہے اور وہ ایک بار پھر پابندیوں کے حربے آزمانے کی کوشش کر رہا ہے۔
تہران کے خطیب جمعہ نے واضح کیا کہ ایران کا میزائل پروگرام دفاعی نوعیت کا ہے اور اس پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران ایران کے مختلف شہر دشمن کے میزائل حملوں کا نشانہ بنتے رہے لیکن آج ایران نے میزائل ٹیکنالوجی میں ترقی کر کے دشمن سے جارحیت کی سوچ چھین لی ہے۔
حجت الاسلام کاظم صدیقی نےمزید دہشتگرد گروہ داعش کے مقابلے میں ایران کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد گروہوں کے خلاف ایران کی جنگ نے دنیا کو دہشتگردی کے سنگین خطرات سے بچا لیا ہے۔
- ۱۸/۰۶/۳۰