ایران جوہری معاہدے کا کوئی نعم البدل نہیں
یورپی مندوب:
نیوزنور28جون/اقوام متحدہ میں تعینات یورپی یونین کے مستقل مندوب نے ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے ایٹمی سمجھوتے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے سے ہٹ کر کوئی اور راستہ نہیں اور نہ ہی اس کا کوئی نعم البدل ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں تعینات یورپی یونین کے مستقل مندوب’’جاؤ ویلے ڈی المیڈا‘‘نے قرارداد 2231 پر سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے حوالے سے ایک اجلاس میں خطاب میں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے ایٹمی سمجھوتے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاہدے سے ہٹ کر کوئی اور راستہ نہیں اور نہ ہی اس کا کوئی نعم البدل ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدہ 12 سال طویل مذاکرات کا نتیجہ ہے جسے آج بین الاقوامی سطح پر بڑی اہمیت حاصل ہے۔
یورپی مندوب نے کہا کہ ہمارا مؤقف واضح ہے جب تک ایران اپنے وعدوں پر عمل کرتا رہے گا یورپی ممالک بھی اپنے عہد اور وعدوں پر قائم رہیں گے۔
انہوں نے ایران جوہری معاہدے کے مؤثر نفاذ پر روس اور چین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام توقع رکھتے ہیں کہ انہیں اس معاہدے کے ثمرات ملیں گے۔
- ۱۸/۰۶/۲۸