انسانی حقوق کی پامالی امریکہ و اسرائیل کی تاریخ رہی ہے
ایرانی پارلیمنٹ:
نیوزنور27جون/اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے امریکہ کی علحٰیدگی نے ثابت کر دیا ہے کہ واشنگٹن ایک ایسی حکومت کے مفادات کے لئے کام کرتا ہے جو انسانی حقوق کی پامالی میں دنیا کی نمبر ون حکومت ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق سے متعلق فریکشن نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ امریکہ کو ہر چیز سے پہلے یہ جان لینا چاہئے کہ وہ آج جس چیز پر اصرار کر رہا ہے یعنی صیہونی حکومت کے لئے اس کی حمایت کا نتیجہ بین الاقوامی سطح پر واشنگٹن کی سیاسی تنہائی کے سوا اور کچھ نہیں نکلے گا اور جلد یا دیر امریکہ کو اپنے اس قسم کے اقدام کا جواب دینا ہو گا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کے فریکشن نے کہاکہ امریکہ کی یہ تاریخ رہی ہے کہ اس نے ہمیشہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اس نے کسی بھی بین الاقوامی معاہدوں کی پابندی نہیں کی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹی پی پی، موسمیات سے متعلق پیرس سمجھوتے، اقوام متحدہ کے امیگریشن معاہدے، شمالی امریکہ کے آزاد تجارتی معاہدے نفتا اور ایٹمی معاہدے سے امریکہ کی علٰحیدگی اس کی صرف چند مثالیں ہیں۔
پارلیمنٹ کے انسانی حقوق فریکشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ وہ پہلا ملک ہے جو انسانی حقوق کونسل سے باہر نکلا ہے اور وہ اپنے اس اقدام سے ایک طرف مذکورہ کونسل کے فیصلوں کو غیر مؤثر کرنا چاہتا ہے اور دوسری جانب وہ خود اپنے لئے اور اسرائیل کے لئے ہاتھ کھلا رکھنا چاہتا ہے تاکہ جس پیمانے پر بھی ہو انسانی حقوق کو پامال کرتے رہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ نے اسرائیل کی حمایت میں گذشتہ انیس جون کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے نکلنے کا اعلان کر دیا تھا امریکہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر الزام لگایا تھا کہ وہ اسرائیل سے عداوت رکھتی ہے۔
- ۱۸/۰۶/۲۷