سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر امریکی کمانڈوز تعینات ہیں
نیویارک ٹائمز:
نیوزنور05مئی/ایک امریکی روزنامے نے اپنی ایک رپورٹ میں کہاہےکہ سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر امریکی کمانڈوز متعین ہیں جن کا بنیادی کام یمن کے حوثیوں کی جانب سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی فضا میں نشاندہی اور تباہ کرنا ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے‘‘نیوزنور’’کی رپورٹ کے مطابق نیویارک ٹائمز نے لکھا کہ سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر امریکی کمانڈوز متعین ہیں جن کا بنیادی کام یمن کے حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں کی فضا میں نشاندہی اور تباہ کرنا ہے۔
اخبار نے یہ رپورٹ امریکی ذرائع اور یورپی سفارت کاروں کی معلومات پر جاری کی ہے۔
ادھر پینٹاگون کے ترجمان میجر ایڈریان نے کہا کہ امریکا جنگی مشن میں شامل ہوئے بغیر معلومات کے تبادلے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے اور اس کا مقصد سعودی عرب کی سرحد کو محفوظ بنانا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب امریکہ کی حمایت سے اتحاد قائم کر کے مارچ دو ہزار پندرہ سے علاقے کے سب سے غریب، اسلامی اور عرب ملک یمن کو وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنائے ہوئے ہے جس کے نتیجے میں اس ملک کے دسیوں ہزار عام شہری شہید و زخمی اور لاکھوں بے گھر ہوئے اور اس ملک کی بنیادی تنصیبات بالکل تباہ ہو چکی ہیں تاہم یمن کی فوج اور عوام کی استقامت و پائمردی کی وجہ سے سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کو ابھی تک اپنے مقاصد کے حصول میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔