تارکین وطن قبول نہ کرنے والی یورپی ریاستوں پر پابندی عائد کرنی چاہیے
فرانسیسی صدر:
نیوزنور25جون/فرانس کے صدر نے کہا ہے کہ میں ان یورپی ریاستوں پر مالیاتی پابندیوں کا حامی ہوں جو تارکین وطن کو اپنے خطے میں جگہ دینے سے انکار کرتی ہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی دار الحکومت پیرس میں ایک پریس کانفرنس میں فرانسیسی صدر’’ امانوئیل میکرون‘‘ نے کہا کہ چند یورپی ریاستیں مہاجرین کو قبول کرنے کو تیارنہیں ہیں اگر چہ وہ یورپی یونین سے مراعات تو حاصل کررہے ہیں لیکن پالیسی پر عمل نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی میں تارکین وطن کی بڑی تعداد موجود ہےلیکن گذشتہ سال کے مقابلے میں اس سال اٹلی پر دباؤ کم ہے لیکن یورپی ممالک کی طرف مہاجرین کا بحران زیادہ ہے اور اب یہ سیاسی مسئلہ بن چکا ہے۔
فرانسیسی صدر نے کہا کہ یورپی یونین میں ایسے ممالک کو برداشت نہیں کیا جائے گا جو یکجہتی کی بنیاد پر مختلف مراعات تو حاصل کرتے رہیں تاہم مہاجرین کے معاملے پر الگ ہو جائیں۔
قابل ذکر ہے کہ یورپی یونین کی پالیسی کے تحت اٹلی اور یونان میں موجود تارکین وطن کو یورپی یونین کی مختلف رکن ریاستوں میں تقسیم کیا جانا ہےتاہم کئی ممالک مہاجرین کو قبول کرنے سے انکار کر رہے ہیں اسی تناظر میں امانوئیل میکرون کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال 8 مارچ کو یورپ میں تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے مسائل سے متعلق یورپی یونین کی اقتصادی و سماجی کمیٹی اور یورپین کمیشن کے محکمہ داخلہ کی جانب سے برسلز میں چوتھے یورپین مائگریشن فورم کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں مذکورہ سنگین مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔