جوہری معاہدے میں ایران کا باقی رہنا یورپی اقدامات پر منحصر
سنیئر ایرانی سفارتکار :
نیوزنور23جون/اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اورسنیئر ایرانی سفارتکار نے جوہری معاہدے کی آئندہ صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ جوہری معاہدے میں ایران کے شامل رہنے کا انحصار اس بات پر ہے کہ یورپی ممالک، روس اور چین مثبت اقدامات اٹھائیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ایران کے نائب وزیر خارجہ وسنیئر سفارتکار’’ سید عباس عراقچی‘‘ نے روس کے دارالحکومت ماسکو کےدورے کے موقع پر کہا کہ توقع ہے کہ دوسرے فریق ایرانی مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے علاوہ ایران کے ساتھ بین الاقوامی تعاون کی راہ کو ہموار کریں گے۔
اعلی ایرانی سفارتکار نے کہا کہ دوسرے فریق کے ساتھ جامع مذاکرات کے بعدیہ پتہ چلے گا کہ ایران کے جوہری معاہدے میں شامل رہنے سے کیا ایران کےمفادات کا تحفظ کیا جائے گا یا نہیں۔
انہوں نے جوہری معاہدے سے متعلق روس سے ایران کی توقعات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران روس تعلقات جوہری معاہدے سے بڑھ کر ہیں لہذا یہ تعلقات چاہے جوہری معاہدہ ہو یا نہیں برقرار رہیں گے۔
سید عباس عراقچی نے مزیدکہا کہ روس کا جوہری معاہدے پر مؤقف تعمیری ہے اوروہ ایرانی مطالبات کی منظوری اور مفادات کی فراہمی پر زور دیتا ہے۔