امریکہ ،برطانیہ اورفرانس یمن میں رونما ہونے والے انسانی المیہ میں برابر کے شریک ہیں
ایڈورڈ کوریگن :
نیوزنور22 جون/ایک بین الاقوامی انسانی حقوق وکیل اورسیاسی تجزیہ کار نے امریکہ ،برطانیہ اورفرانس کو یمن میں انسانی المیہ کا ذمہ دارقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ممالک سعودی عرب کے جنگی اتحاد کےساتھ مل کر یمنی بندرگاہ الحدیدہ شہر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی ذرائع ابلاغ کےساتھ انٹرویو میں ’’ایڈورڈ کوریگن‘‘نے امریکہ ،برطانیہ اورفرانس کو یمن میں انسانی المیہ کا ذمہ دارقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ممالک سعودی عرب کے جنگی اتحاد کےساتھ مل کر یمنی بندرگاہ الحدیدہ شہر میں جنگی جرائم کا ارتکاب کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ الحدیدہ بندرگاہ مظلوم اور نہتی یمنی عوام تک خوراک ،ادویات ایندھن پہنچانے کا اہم ذریعہ ہے اگر سعودی عرب ،اسکے علاقائی اورمغربی اتحادی مذکورہ بندرگاہ پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو اس صورت میں 80 لاکھ سے زائد افراد کی جانیں خطرے میں پڑ جائیں گی۔
انہوں نے کہاکہ یمن خاص کر الحدیدہ کی موجودہ صورتحال قیامت خیز ہے اور اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کو اس پر سخت مؤقف اپنا کر سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات پر پابندیاں عائد کرکے یمنی عوام کو ان ممالک کی وحشیانہ بمباری اورمظالم سے نجات دلانے کی کوشش کرنی چاہئے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ بدھ کو متحدہ عرب امارات اورسعودی عرب کی اتحادی فورسز نے یمن کی اسٹریٹجک اہمیت کی حامل بندرگاہ الحدیدہ جہاں 6 لاکھ یمنی آباد ہیں اورجہاں سے پورے یمن کو خوراک اورادویات سپلائی ہوتی ہے جس کی وجہ سے اس بندرگاہ کو یمن کی لائف لائن کہاجاتا ہے پرحملہ کردیا ۔
رواں برس ہونے والے حملوں میں یہ سب سے تباہ کن حملہ قراردیا جارہا ہےاس جارحیت کے بعداقوام متحدہ سمیت کچھ سرکاری اورغیر سرکاری تنظیموں یہاں تک ریڈ کراس نے اپنی رضاکارتنظیموں کو علاقے سے نکال لیا ہے جو یمن میں امدادی کام کررہے ہیں۔
واضح رہےکہ یمن پر سعودی عرب کے وحشیانہ جرائم کی عالمی سطح پر مذمت کی جا رہی ہے لیکن آل سعود حکومت، عالمی برادری کے احتجاج کی پرواہ کئے بغیر اپنے حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے یمن کے عوام کی انقلابی تحریک کو کچلنے اور معزول صدر منصور ہادی کو دوبارہ اقتدار میں لانے کے بہانے یمن پر جارحانہ حملے شروع کئے تھے۔
ادھر یمن سے موصلا رپورٹوں کے مطابق یمنی فوج اورعوامی رضاکا رفورسز نے سعودی عرب کی جنگی اتحاد کی وحشیانہ جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب میں جیزان میں واقعہ الفیصل میں فوجی مرکز کو بدر نامی بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا ہے جس میں کئی سعودی فوجی ہلاک وزخمی ہوگئے ہیں۔