اسرائیل نے سعودی عرب پر کبھی حملہ نہیں کیا تو دشمنی کیسی
سعودی عہدیدار:
نیوزنور05 مئی/سعودی عرب کے ریٹائرڈ جنرل اور ریاض میں مشرق وسطی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ انورعشقی نے ایک بار پھر بیت المقدس کی غاصب صیہونی حکومت کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے کبھی بھی ہم پر حملہ نہیں کیا ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے‘‘نیوزنور’’کی رپورٹ کے مطابق سعودی فوج کے خفیہ محکمے کے ریٹائرڈ جنرل اور مشرق وسطی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ انورعشقی نے غیر ملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی سعودی باشندے نہیں ہیں۔ عقل کا تقاضا یہ ہے کہ سعودی عرب دیگر ملکوں کا دفاع کرنے سے پہلے اپنا دفاع کرے۔
انور عشقی نے کہا کہ مثال کے طور پر اگر آپ کے اور آپ کے پڑوسی
کے گھر میں آگ لگے تو فطری طور پر پہلے آپ اپنے گھر کی آگ بجھائیں گے۔
انہوں نے اس بات کا دعوی کرتے ہوئے کہ سعودی عرب ایران کے خلاف
جنگ میں امریکی اور اسرائیلی اتحاد کا حصہ نہیں بنے گا کہا کہ سعودی عرب صرف ایک حالت
میں ایران اور حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جنگ میں شرکت کرے گا جب بقول ان کے حزب
اللہ سعودی عرب کے شہروں پر حملہ کرے گی۔
سعودی فوج کے خفیہ ادارے کے سابق سربراہ انور عشقی نے اسرائیل کا پوری طرح دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو دشمن سمجھا جاتا ہے لیکن پوری تاریخ میں ایک بار بھی اس نے سعودی عرب پر حملہ نہیں کیا ہے۔
سعودی ریٹائرڈ جنرل کا یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وہ ایک بااثر سعودی شخصیت کی حیثیت سے اسرائیل کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کو معمول پر لانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور پچھلے کچھ عرصے کے دوران وہ کئی بار اسرائیل کا دورہ کرچکے ہیں۔