فلسطینیوں کی 43فی صد آبادی پناہ گزینوں پر مشتمل ہے
فلسطینی سرکاری ادارہ:
نیوزنور21جون/فلسطینی سرکاری ادارے نےاپنے ایک اعدادو شمار میں کہا ہے کہ فلسطین کی کل آبادی کا 42.5 فی صد پناہ گزینوں پر مشتمل ہےجو اندرون ملک اور بیرون ملک پناہ گزین کی حیثیت سے مقیم ہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کے سرکاری ادارہ ’’شماریات‘‘ کی طرف سے پناہ گزینوں کے عالمی دن کی مناسبت سےجاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں آبادفلسطینیوں میں 26.6 فی صد پناہ گزین ہیں جب کہ غزہ پٹی میں فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد 66.2 فی صد ہے۔
اقوام متحدہ کے اعدادو شمار کے مطابق سنہ 1948ء کی جنگ کے وقت فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد سات لاکھ 26 ہزار تھی سنہ 1949ء میں یہ تعداد 9 لاکھ 57 ہزار ہوگئی۔
اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کی ذمہ دار ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی اونروا کے ریکارڈ کے مطابق سنہ 2017ء میں فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد 56 لاکھ تک پہنچ گئی تھی۔
اونروا کے زیرکفالت17 فی صد پناہ گزین غرب اردن میں، 24.4 فی صد غزہ،39 فی صد اردن،9.1 فی صد لبنان اور10.5 فی صد شام میں ہیں۔
فلسطین کے سرکاری محکمہ شماریات کے مطابق سنہ 2017ء کے دوران فلسطینی پناہ گزینوں میں 15 سال سے کم عمر افراد کی تعداد 39.3 فی صد اور دیگر افراد کی تعداد 38.6 فی صد تھی۔
رپورٹ کے مطابق 60 سال یا اس سے زاید عمر کے فلسطینی پناہ گزینوں کی تعداد 4.9 فی صد جب کہ غیر پناہ گزین فلسطینیوں میں 60 سال اور اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 5 فی صد ہے۔
فلسطینی پناہ گزینوں میں اوسطاً ایک خاتون 4.4 بچوں کی ماں اور جب کہ غیر پناہ گزین خواتین میں یہ شرح 4.3 فی صد ہے۔