جدید تر ہوتی جوہری ہتھیار سازی تیسری عالمگیر جنگ کا نقارہ
سویڈش تھنک ٹینک :
نیوزنور19جون/ایک سویڈش تھنک ٹینک نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کا تصور شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہاکیونکہ نئے جوہری ہتھیار پہلے ہی تیار کیے جا رہےہیں اور ان سے تیسری عالمگیر جنگ کے خدشات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق سویڈش تھنک ٹینک’’سپری‘‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے پاک دنیا کا تصور شرمندہ تعبیر ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہاکیونکہ نئے جوہری ہتھیار پہلے ہی تیار کیے جا رہے ہیں اور ان سے تیسری عالمگیر جنگ کے خدشات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیاہے کہ2017ء جوہری ہتھیاروں کے مخالفین کے لیے ایک اہم سال ثابت ہواکیونکہ اقوام متحدہ کے 122 رکن ممالک نے ایک معاہدے کے ذریعے فیصلہ کیا کہ وہ جوہری ہتھیار تیار نہیں کریں گے اور نا ہی ایسے ہتھیار اپنے پاس رکھیں گے تاہم اس معاہدے کے بعد بھی دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مقصد پورا نہیں ہوا۔
رپورٹ کے مطابق دنیا کے نوممالک امریکہ،روس، برطانیہ، فرانس، چین، بھارت، پاکستان، اسرائیل اور شمالی کوریا کے پاس ابھی بھی 14,465 جوہری ہتھیار ہیں اور عالمی سطح پر اگر دیکھا جائے تو اقلیت میں ہونے کے باوجود یہ ممالک ان مہلک ہتھیاروں سے مکمل طور پر دستبردار ہونے پر رضامند دکھائی نہیں دیتے۔
رپورٹ کے مطابق جوہری طاقتیں اپنے ہتھیاروں کو مستقل جدید سے جدید تر بنانے میں لگی ہوئی ہیں جسکا مطلب یہ ہے کہ پرانے کی جگہ نئے ہتھیار لے لیں گے کچھ ہتھیار تو چالیس پچاس سال پرانے ہیں نئے جوہری ہتھیار تیار کیے جا رہے ہیں، جو نئی تکنیک اور مختلف مہارت رکھتے ہیں ۔
رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 2017ء کے مقابلے میں رواں برس جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں 470 کی کمی واقع ہوئی ہے اس کمی کا تعلق 2010ء میں روس اور امریکہ کے مابین تخفیف اسلحے کے نیو سٹارٹ نامی معاہدے سے ہےکیونکہ دنیا کے 92 فیصد جوہری ہتھیار انہی دو ممالک کے پاس ہیں امریکہ کے6,450 جبکہ روس کے پاس 6,850 وار ہیڈز ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ کمی کے باوجود جوہری ہتھاروں کی موجودگی غیر معمولی خدشات کا باعث ہے جوہری ہتھیار کے حامل تمام ممالک نے یا تو جوہری ہتھیاروں میں کمی کرنا شروع کر دی ہے یا پھرانہیں جدید بنانے کے اپنے طویل المدتی منصوبوں کا اعلان کر چکے ہیں اوران میں سے کوئی بھی ملک مستقبل قریب میں جوہری ہتھیاروں سے مکمل طور پر دستبرداری کے حوالے سے کام کرنے پر رضامند دکھائی نہیں دیتا۔
- ۱۸/۰۶/۱۹