مسئلہ فلسطین کے بارے میں ایران کا منطقی راہ حل جمہوریت اور ریفرنڈم پر مشتمل ہے
رہبر معظم انقلاب اسلامی امام خامنہ ای:
نیوزنور11جون/رہبر معظم انقلاب اسلامی نے غزہ میں اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات پر یورپی ممالک کے سکوت پر شدید تنقید کرتے ہوئےفرمایا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا راہ حل ایسا ہونا چاہیے جو دنیا اور رائے عامہ کے لئے قابل قبول ہواور یہ راہ حل فلسطینیوں کے ریفرنڈم پر مشتمل ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی ’’حضرت آیت اللہ العظمی اما م خامنہ ای‘‘ نے ایرانی یونیورسٹیوں کے اسا تذہ اور یونیورسٹیوں کی علمی کونسلوں کے اراکین، محققین اور دیگر علمی مراکز کے سربراہان کے ساتھ ملاقات میں غزہ میں اسرائیل کے مجرمانہ اقدامات پر یورپی ممالک کے سکوت پر شدید تنقید کرتے ہوئےفرمایاکہ مسئلہ فلسطین کا راہ حل ایسا ہونا چاہیے جو دنیا اور رائے عامہ کے لئے قابل قبول ہواور یہ راہ حل فلسطینیوں کے ریفرنڈم پر مشتمل ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں ممتاز اساتذہ کی سیاسی، سماجی، اقتصادی ، فضائی ، ماحولیات، ، تخلیقات، ، سنیما، ہنر اور دیگر علمی اور سماجی امور کے بارے تجاویز کو ملک کی پیشرفت اور ترقی کے لئے اہم قراردیتے ہوئے فرمایاکہ یونیورسٹیوں کا ملک کی علمی پیشرفت اور تہذیب و تمدن کے فروغ میں اہم کردار ہے۔
آپ نے فرمایاکہ ملک کی موجودہ اور آئندہ مشکلات کوعالمانہ اور ماہرانہ طور پر حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اس سلسلے میں ملک کی علمی شخصیات اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
آپ نے فرمایاکہ ملک کی مشکلات کو حل کرنے کے سلسلے میں یونیورسٹیوں کو سنجیدہ اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے اور ملکی مسائل اور مشکلات پر یونیورسٹیوں کی قریبی نظر ہونی چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایران کی علمی پیشرفت کو حیرت انگیز قراردیتے ہوئے فرمایاکہ آج ایرانی دانشور اور محققین عالمی سطح پر اپنی بات منوانے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں اور علمی پیشرفت کی سمت گامزن ہیں۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فلسطینی بچوں کے قاتل اسرائیلی وزیر اعظم کو اس دور کا شمر قراردیتے ہوئے فرمایاکہ اس دور کا شمر یورپی ممالک کا دورہ کرکے اپنے مجرمانہ اقدامات کو چھپانے اور ایران کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کررہا ہے۔
آپ نے غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات پر یورپی ممالک کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے فرمایاکہ اسرائیل کے جھوٹے وزیر اعظم نے یورپی ممالک کے دورے کے دوران ایران کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئےکہا کہ ایران کئی ملین یہودیوں کو نابود کرنا چاہتا ہے حالانکہ ایران کا مسئلہ فلسطین کے بارے میں راہ حل منطقی اور عالمی سطح پر قابل قبول اور جمہوریت پر مشتمل راہ حل ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی امام خامنہ ای نے مزید فرمایاکہ مقبوضہ فلسطین میں انتخابات ہونے چاہئے اور ان انتخابات میں تمام فلسطینیوں کو شرکت کرنی چاہیے چاہے وہ مسلمان ہوں یا کسی دوسرے فرقہ سے تعلق رکھتے ہوں اور فلسطین کے باہر اور اندر رہنے والے تمام فلسطینیوں سے اس سلسلے میں ریفرنڈم کرانا چاہیےکیونکہ جمہوریت ہی مسئلہ فلسطین کا بہترین اور منطقی راہ حل ہے۔
- ۱۸/۰۶/۱۱