خلیجی ریاستوں اور صیہونیوں کے مخفی تعلقات آج سب پر آشکار ہوچکے ہیں
ممتاز لبنانی اہلسنت عالم دین:
نیوز نور07جون/لبنان کے ایک ممتاز اہلسنت عالم دین نے کہا ہے کہ امام خمینیؒ اگر رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس سے منسوب نہ کرتے تو آج نئی نسلیں اس حقیقت کو جاننے سے قاصر ہوتیں کہ اسرائیل کے زیر قبضہ علاقے کبھی ایک تاریخی فلسطین تھا۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ’’شیخ صہیب حبلی‘‘نےکہاکہ امام خمینیؒ اگر رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس سے منسوب نہ کرتے تو آج نئی نسلیں اس حقیقت کو جاننے سے قاصر ہوتیں کہ اسرائیل کے زیر قبضہ علاقے کبھی ایک تاریخی فلسطین تھا۔
انہوں نے کہاکہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی نے مسلمانوں کے خلاف صیہونی رژیم اورشیطان بزرگ امریکہ کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایران کا اسلامی انقلاب منفرد ہے جس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی ۔
موصوف لبنانی اہلسنت عالم دین نے کہا کہ مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی آزادی اور مسلمانوں کے خلاف امریکہ واسرائیل کی سازشوں کو شکست دینا اس کے اہم اصول ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اگرچہ بعض علاقائی ممالک نے امریکہ اوراسرائیل جیسی اسلام دشمن طاقتوں کےساتھ اپنے تعلقات مضبوط کرکے فلسطینیوں کو تنہا چھوڑا ہے لیکن اسلامی جمہوریہ ایران عالم اسلام کا واحد ملک ہے جو مظلوم فلسطینیوں کی جدوجہد کی مسلسل حمایت کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عرب ممالک اورغاصب صیہونی رژیم کےساتھ تعلقات پہلے مخفی تھے لیکن آج یہ سب پر آشکار ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ یمن ،بحرین ،شام ،فلسطین اورعراق میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام سعودی عرب ،صیہونی رژیم اور ان کےحامیوں کے زوال کا موجب بنےگا۔