دنیا میں ایمان،اتحاد اور خوداعتمادی کا نظریہ امام خمینی ؒ جیسے لیڈروں کی وجہ سے زندہ ہے
امریکی پروفیسر:
نیوزنور04جون/امریکی ریاست کیلی فورنیا یونیورسٹی کے پروفیسر نے کہا ہے کہ آل سعود اور ناجائز صہیونی ریاست امریکہ کے ساتھ مل کر دنیا میں انتہاپسندی کو فروغ دینے کے لئے بانی اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی ؒ کے اتحاد اور بھائی چارے پر مبنی افکار کو جھٹلانے میں سب سے آگے ہیں۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق سان برنارڈینو میں کیلیفورنیا کی اسٹیٹ یونیورسٹی میں تاریخ کے پروفیسر ’’ڈیوڈ یعقوبیان‘‘نے ایرانی ذرائع ابلاغ کے ساتھ انٹریو میں کہا کہ آل سعود اور ناجائز صہیونی ریاست امریکہ کے ساتھ مل کر دنیا میں انتہاپسندی کو فروغ دینے کے لئے بانی اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی ؒ کے اتحاد اور بھائی چارے پر مبنی افکار کو جھٹلانے میں سب سے آگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی سے عالم اسلام میں اتحاد کا پیغام اُجاگر ہوا جس سے امریکہ، صہیونی اور سعودی حکمران خوفزدہ ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ،سعودی عرب اور اسرائیل دنیا میں انتہاپسندی اور وہابیت کی سوچ کو فروغ دینے کے لئے آپس میں ملے ہوئے ہیں جبکہ وہ فرقہ واریت کو ہوا دینے کے لئے امام خمینی ؒکے افکار کو جھٹلا رہے ہیں۔
موصوف پروفیسر نےکہا کہ بانی عظیم انقلاب کی سوچ اور سیاسی حکمت عملی دنیا میں سامراجیت کے خلاف مقابلہ اور مظلوم اقوام کی حمایت کے لئے مثالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں شہنشاہ کے خلاف مذہبی انقلاب کی کامیابی سے مغربی ممالک کی جامعات میں معاشرتی اور انقلابوں کے حوالے سے پڑھائے جانے والے مواد پر سوالیہ نشان اُٹھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینی ؒ نے پہلوی حکومت کے خاتمے اور ایران میں اسلامی جمہوری نظام کے قیام کے لئے ایک ایسی مثالی حکمت عملی وضع کہ جس نے دین کے خلاف مارکسسٹ نظریے کو چیلنج کیا۔
امریکی تاریخ دان نے کہا کہ آج دنیا امام خمینی ؒ کے افکار سے متاثر ہے کیونکہ انہوں نے سماجی اور سیاسی تحریک کے لئے انسانی طاقت کے عظیم سمندر کو روشناس کرایا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف میڈیا مہم عروج پر ہے جس کا مقصد امام خمینیؒ کو فرقہ پرست لیڈر کے طور پر پیش کرنا ہے جبکہ بانی انقلاب نے اپنے وصیت نامے میں اسلامی ممالک کے عوام پر زور دیا کہ دنیا میں ظلم و بربریت کے خلاف متحد ہوں۔
پروفیسر ڈیوڈ یعقوبیان نےمزید کہا کہ امام خمینی ؒجیسے لیڈروں نے ایمان، اتحاد اور خوداعتمادی کے نظریے کو زندہ رکھا ہوا ہے جو دنیا میں امریکہ کی سامراجی منصوبوں کے لئے بڑا خطرہ ہے۔
- ۱۸/۰۶/۰۴