عالم اسلام قبلہ اول کے حوالے سے دینی حمیت کا مظاہرہ کرے
مفتی اعظم فلسطین:
نیوزنور31مئی/فلسطین اور دیارمقدسہ کے مفتی اعظم اور جید عالم دین نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کو قابض اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور اپنے سفارت خانے تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے والے ممالک کا بائیکاٹ کیا جائے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق مراکش کے شہر طنجہ میں ایک تقریب سے خطاب میں فلسطینی مفتی اعظم’’الشیخ محمد حسین‘‘ نے کہا کہ مسلمان اور عرب ممالک ان ملکوں سے تعلقات ختم کردیں جو القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ القدس کے ساتھ مسلمانوں کی مذہبی اور تاریخی وابستگی کا اظہار ایسے کیا جائے کہ دنیا کو اس کا پتا چلے۔
موصوف مفتی اعظم نے کہا کہ مسلمان اور عرب ممالک کی حکومتیں دینی حمیت اور غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے والے ممالک سے تمام معاہدے ختم کریں اور ان کا ہرسطح پر بائیکاٹ کیا جائے۔
انہوں نے کہا مسلمان ممالک کی طرف سےالقدس کی حمایت میں بہت سی قراردادیں منظورکی جا چکی ہیں ان قراردادوں اور اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی کے فیصلوں پرعمل درآمد کا وقت اگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی کی قراردادوں پران کی روح کے مطابق عمل کرنے سے فلسطینی قوم اپنے حقوق حاصل کرنےمیں کامیاب ہوسکتی ہے۔
الشیخ محمد حسین نے مزید کہا کہ امریکی حکومت کی طرف سے مشرق وسطیٰ کے لیے تیارکردہ امن فارمولے’صدی کی ڈیل‘ کی سازش کو پوری مسلم امہ مل کر ناکام بنائے۔
- ۱۸/۰۵/۳۱