امریکہ اسرائیل کو بچانے کیلئے ایران پر مزید پابندیاں لگانا چاہتا ہے
ممتاز پاکستانی اہلسنت عالم دین:
امریکہ اسرائیل کو بچانے کیلئے ایران پر مزید پابندیاں لگانا چاہتا ہے
نیوزنور03 مئی/ایک ممتاز پاکستانی عالم دین نے کہاہے کہ ا مریکہ اسرائیل کو بچانے کیلئے ایران پر مزید پابندیاں لگانا چاہتا ہے تاکہ حملے کا جواز پیدا کر سکے لیکن اسے اندازہ نہیں کہ عراق، افغانستان اور لیبیا کی طرح ایران کمزور ملک نہیں ۔
عالمی اردوخبررساں ادارے‘‘نیوزنور’’کی رپورٹ کے مطابق جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ اور نظام مصطفی محاذ کے سینرنائب صدر قائد اہلسنت پیر سید معصوم حسین نقوی نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کو بچانے کیلئے ایران پر مزید پابندیاں لگانا چاہتا ہے تاکہ حملے کا جواز پیدا کر سکے لیکن اسے اندازہ نہیں کہ عراق، افغانستان اور لیبیا کی طرح ایران کمزور ملک نہیں ۔
انہوں نے بیان کیا کہ ایران کے پاس منتخب نڈر قیادت اور بہادر فوج ہے، جس نے پوری عالمی برادری پر آشکار کر دیا ہے کہ امریکہ منافق اور دھوکے باز ملک ہے، جس کا کوئی اصول ہے اور نہ ہی یہ کسی بین الاقوامی قوانین کا احترام مناسب سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایک بیان میں ایران نے 2015ء میں واضح کر دیا تھا کہ امریکہ میں یہودی لابی نہیں چاہتی کہ مسلمان ممالک ترقی کرسکیں، اس لئے ایران نے واضح کیا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ نہیں، پوری دنیا کے ساتھ ایٹمی معاہدے کیلئے تیار ہے اور ایرانی قیادت کا وہ خدشہ درست ثابت ہوا ہے کہ امریکہ قابل اعتبار ملک نہیں، منافقت اور دھوکہ دہی اس کے پالیسی ہے لیکن بین الاقوامی قوانین اس پر واضح ہیں کہ ایٹمی معاہدے سے اگر امریکہ پیچھے ہٹا تو اس کا نقصان عالمی سطح پر اس کی ساکھ کو ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چند عرب ممالک ایران پر عالمی پابندیاں لگوا کرخوش نہ ہوں ان کا حشر بہت زیادہ برا ہونے والاہے۔