یورینیم کی افزودگی کو تین فی صد سے بڑھا کر بیس فی صد تک پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں
بہروز کمالوندی:
نیوزنور11فروری/ایران کے ایٹمی توانی کے قومی ادارے کے ڈائریکٹر برائے بین الاقوامی امور نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کے مطابق یورینیم کو ایک لاکھ نوے ہزار سیپریٹیو ورک یونٹ تک پہنچانے کے لیے پوری طرح آمادہ ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق مغربی ایران کے شہر قزوین میں سائنس و ٹیکنالوجی پارک کی مرکزی عمارت کے افتتاح کے موقع پر بہروز کمالوندی نے کہاکہ ضرورت پڑنے پر یورینیم کی افزودگی کو تین فی صد سے بڑھا کر بیس فی صد تک پہنچانے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ جامع ایٹمی معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے پانچ جمع ایک گروپ کی وعدہ خلاف کو سامنے رکھتے ہوئے اراک کے ایٹمی ری ایکٹر کی ری ڈیزائننگ کا منصوبہ بھی ہمارے پیش نظر ہے۔
بہروز کمالوندی نے کہا کہ یورینیم کی افزودگی کے لیے نئی اور جدید قسم کی سینٹری فیوج مشینوں کے استعمال کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے کہاکہ رواں سال اپریل میں ایٹمی حوالے سے ملک کی نئی کامیابیوں کا اعلان کیا جائے گا جن میں آکسیجن اٹھارہ کی صنعتی پیمانے پر تیاری بھی شامل ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے ڈائریکٹر برائے بین الاقوامی امور نے مزید کہا کہ آکسیجن اٹھارہ ایٹامک کیمسٹری کے حوالے سے انتہائی اہم پیشرفت ہے اور دنیا کے صرف پانچ ممالک آکسیجن اٹھارہ تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔