جشن انقلاب ایران در حقیقت اسلام دشمن عناصر کی سازشوں کی ناکامی اور اسلام و مسلمانوں کے وقار و سربلندی کا جشن ہے
معروف ہندوستانی مفکر:
نیوزنور05فروری/ہندوستان کے معروف مفکر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا چالیسواں جشن آزادی صرف ایران کا ہی جشن نہیں بلکہ اسلام کی سربلندی کا بھی جشن ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے معروف مفکر ’’حجت الاسلام سید تقی عباس رضوی ‘‘نے اسلامی جمہوریہ ایران کی چالیسویں برسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے ایران کی چالیسویں جشن آزادی کی مناسبت سے ایرانی عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور یہ جشن انقلاب در حقیقت اسلام دشمن عناصر کی سازشوں کی ناکامی اور اسلام و مسلمانوں کے وقار و سربلندی کا جشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل ایران میں طلوع ہوتی بہار انقلاب اور دنیا کے ہر سمت بکھرتی اسلامی بیداری کی خوشبو کو ہرگز نہیں روک سکتے۔
سید تقی عباس رضوی نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام خمینی ؒ اور ان کے جانباز ساتھیوں، علمائے کرام اور مومن و پرہیزگار دیندار پیر و جوان ، مرد و زن نے نہ صرف سر زمین ایران بلکہ پوری دنیا میں اپنی تحریک سے اسلامی و اخلاقی اقدار و ثقافت کی قدر و قیمت اور اس کی منزلت و مقام کو واضح کیا ہے جس کی ہر بیدار مغز انسان کو قدرکرنی چاہئیے۔
انہوں نے ظالم کے خلاف ایران کے مؤقف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب ایران نے اپنے ابتدائی دور سے اب تک ہر ظالم سے بغاوت ہر مظلوم و مستضف کی حمایت کی ہے اور اس کے انقلاب لانے کا بنیادی مقصد بھی یہی ہے اور اس راہ میں آئندہ بھی گامزن رہے گا۔
ہندوستان کے معروف مصنف نے کہا کہ دنیا کا پہلا یہ انقلاب ہے جس نے مسجداقصٰی کی آزادی اور فلسطین کی حمایت کو اپنا الہی، دینی اور اخلاقی فریضہ سمجھ کر کھل کر دامے درہمے سخنے مدد کی ہے اور کرتا رہے گا۔
انہوں نے بعض نام نہاد مسلم ممالک اور خود کو مسلمانوں کا ٹھکیدار تصور کرنے والے گمراہ حکمرانوں کی دوغلی پالیسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کے مقابلے میں اُمت مسلمہ کے پیکر پر لگے گہرے زخم نام نہاد مسلمان حکمرانوں اور نام نہاد مملکت اسلامیہ کے منافقانہ روئیے کا نتیجہ ہیں جو قابل غور و فکر ہے۔
موسوف مفکر نے اسلام و مسلمانوں کی ترقی و خود مختاری میں اسلامی جمہوری ایران کے کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران اپنے انقلاب کے بعد عالم اسلام کا پہلا اسلامی ملک ہے جس نے اتحاد بین المسلمین اور اتحاد بین المذاہب کو اپنے داخلی اور خارجی پالیسیوں کا حصہ بنا کرخطہ میں اس کی عمدہ مثال پیش کی اور آج بھی دنیا کے تمام مسلمانوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتا ہے تا کہ اسلام و مسلمانوں کی قوت میں دن بدن اضافہ ہوتا رہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس ملک کی حکمت عملی، انسان دوستی اور اس کی روز افزون ترقی سے جلنے والی اسلام دشمن عالمی طاقتوں نے اسکے خلاف ہرطرف نفرت کے خیمے اور تعصب کی آندھیوں کا تانا بانا بن کر اسے دنیا سے الگ تھلگ رکھنے کی جو سازشیں رچی ہیں وہ ایک مسخرہ کے سوا کچھ بھی نہیں ہے یہ کل بھی آزاد تھا آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔
ہندوستان کے معروف مفکر و مصنف نے کہا کہ آزادی ہر ملک کا بنیادی حق ہے اور ایران کی آزادی امریکہ و اسرائیل تو کیا ساری دنیا ملکر بھی اس کے بنیادی حقوق کو نہیں چھین سکتےکیونکہ اس ملک کی آزادی کے شجر کو شہدائے مقاومت نے اپنے خون سے سینچا ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت نہ ہلا سکتی ہے اور نہ ہی کوئی اس کی ترقی کے راستہ کو روک سکتا ہےپوری دنیا میں بالخصوص خطےمیں اس کا مثبت اور تعمیری کردار قابل تحسین ہے۔
انہوں نے ایران پر انقلاب اسلامی کے ابتدائی زمانہ سے مختلف بہانوں سے پابندی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک مدت سے امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کی ترقی و پیشرفت کے پیش نظر یہ بات صادق آتی ہے کہ الإسلام یَعْلُو وَلَا یُعْلیٰ ۔اسلام مغلوب نہیں بلکہ غالب ہو کر رہے گا۔
حجت الاسلام سید تقی عباس رضوی نے مزید کہا کہ آج بھی اس ارض پاک کے شہید ہونے والے لاکھوں دیندار جوان و پیر کی یہی صدائے بازگشت ہر حریت پسند انسان کے کانوں سے ٹکراتی ہے کہ ملا نہیں وطنِ پاک ہم کو تحفے میں، جو لاکھوں دیپ بجھے ہیں تو یہ چراغ جلاہے۔