شام سے امریکی اور اتحادی فوج کی موجودگی ختم ہونی چاہئے
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے:
نیوزنوریکم فروری/اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ شام میں امریکی، برطانوی، فرانسیسی اور ترک فوجیوں کی موجودگی ختم ہونی چاہئے
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے’’ بشار جعفری ‘‘نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ شام میں امریکی، برطانوی، فرانسیسی اور ترک فوجیوں کی موجودگی ختم ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ شام میں بیرونی افواج دہشتگردوں کی حمایت اور انسان دوستانہ سرگرمیوں کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہیں اس قسم کی صورت حال کا الرکبان کیمپ میں مشاہدہ کیا جا رہا ہےیہ کیمپ ایک ایسے علاقے میں واقع ہے جہاں امریکی فوجی غیر قانونی طور پر موجود ہیں۔
بشار جعفری نے کہا کہ غیر قانونی اتحاد کے جرائم بند ہونے چاہئے ایسے جرائم کہ جن کے نتیجے میں اب تک شام کے ہزاروں عام شہری شہید و زخمی ہو چکے ہیں جن میں عورتیں اور بچے شامل ہیں اور ان جرائم کے نتیجے میں شام کی بنیادی تنصیبات تباہ ہو گئی ہیں۔
اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے نے کہا کہ دہشتگرد گروہوں کے حملوں اور جارحیت کا نشانہ بننے کے بعد بھی شام کی حکومت نے اپنے فرائض پر عمل، منجملہ شامی شہریوں کی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے اپنی کسی کوشش سے دریغ نہیں کیا ہے۔
انہوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ شام کی حکومت نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے ساتھ تعاون میں دلچسپی و سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
دوسری جانب شام کے قومی آشتی کے روسی مرکز کے سربراہ سرگئی سولو ماتین نے کہا ہے کہ شام کے کرد ڈیموکریٹک فوجی امریکی اتحاد کے کہنے پر مشرقی شام کے علاقے ہجین میں انسان دوستانہ امداد کے حامل قافلوں کو داخل ہونے سے روکتے رہے ہیں۔
سرگئی سولو ماتین نے کہا کہ غذائی اشیا، دوائیں اور ضرورت کے سامان کی حامل دس گاڑیوں کے ساتھ یہ قافلے شام کے شہر ہجین روانہ کئے گئے تھے۔
دریں اثنا مشرقی شام میں دیرالزور کے ایک مضافاتی علاقے پر امریکی اتحاد کے حملے میں ایک ہی گھرانے کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کی رپورٹ کے مطابق نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے شام میں دیرالزور کے مشرقی مضافاتی علاقے الباغوز پر جارحیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شدید بمباری کی۔
امریکی اتحاد کے جنگی طیاروں نے حالیہ ہفتوں کے دوران دیرالزور کو بارہا اپنے حملوں کا نشانہ بنایا جس میں ممنوعہ ہتھیار منجملہ فاسفورس بموں کا بھی استعمال کیا گیا۔
حکومت شام نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے چیئرمین کے نام بارہا ارسال کئے جانے والے اپنے مراسلوں میں شام پر امریکی اتحاد کی جارحیت بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح ر ہے کہ شام کا بحران علاقے میں صورت حال کو غاصب صیہونی حکومت کے مفاد میں تبدیل کرنے کی غرض سے سعودی عرب، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشتگردوں کے حملوں سے دو ہزار گیارہ میں شروع ہوا تھا تاہم شامی فوج اور عوام نے دشمنوں کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا۔
- ۱۹/۰۲/۰۱