انس ٹیکس کا قیام پہلا قدم ہے یورپ مزید اقدامات انجام دے
سید عباس عراقچی:
نیوزنوریکم فروری/ ایران کے نائب وزیرخارجہ اور سینئرایٹمی مذاکرات کار نے خصوصی مالیاتی نظام کے قیام کو یورپ کی جانب سے اپنے وعدوں کی تکمیل کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اپنے ایک انٹرویو میں سید عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کو امید ہے کہ یورپ کے قائم کردہ خصوصی مالیاتی نظام پر مکمل طور سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یورپ کے قائم کردہ خصوصی نظام کے ذریعے ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے درمیان درآمدات اور برآمدات میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔
قابل ذکر ہے کہ جرمنی، فرانس اور برطانیہ نے جمعرات کے روز انس ٹیکس، کے نام سے خصوصی مالیاتی نظام قائم کیا ہے اور اس کے رجسٹریشن کا عمل پیرس میں مکمل کر لیا گیا۔
اس کا مرکزی دفتر پیرس ہے اور جرمنی کے کامرس بینک کے سابق ڈائریکٹر پرفیشر کو اس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر یورپی ملکوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی ایران کے ساتھ تجارت کی غرض سے مذکورہ مالیاتی نظام میں شامل ہو جائیں۔
یہ مالیاتی نظام امریکی پابندیوں کے باوجود دنیا بھر کے بینکوں کو ایران کے ساتھ مالیاتی لین دین کی سہولت فراہم کرے گا۔