مخلوط حکومت محمود عباس کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی نئی سازش ہے
حماس کے ترجمان:
نیوزنور31جنوری/اسلامی تحریک مقاومت حماس کے ترجمان نے تنظیم آزاد فلسطین میں شامل جماعتوں پر مشتمل مخلوط حکومت کی تشکیل کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخلوط حکومت محمود عباس اور تحریک فتح کے آمرانہ ایجنڈے پرعمل درآمد کی ایک نئی چال ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان ’’فوزی برہوم ‘]نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم رامی الحمداللہ کی حکومت اور صدر عباس کا فلسطینیوں میں اختلافات کی خلیج مزید گہری کرنے کی سازش میں اہم کردار ہےاور وہ اپنے مخصوص مفادات کے حصول کے لیے قوم کے اجتماعی مفادات کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر عباس اور رامی الحمد اللہ مخلوط حکومت کی آڑ میں اپنے مخصوص مقاصد کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔
فوزی برہوم نے مزیدکہا کہ ملک میں اس وقت تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت کی تشکیل کی ضرورت ہے جو ملک میں آزادانہ صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے لیے سیاسی ذمہ داریاں پوری کرے۔
واضح رہے کہ فلسطینی حکومت کے سربراہ رامی الحمد اللہ نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد صدر عباس نے تحریک فتح کو نئی مخلوط حکومت کے قیام کی دعوت دی ہے۔
- ۱۹/۰۱/۳۱