ایران کے خلاف ٹرمپ کے دعؤے جھوٹ کا پلندہ ہیں
امریکی انٹیلی جنس:
نیوزنور31جنوری/امریکی انٹیلی جنس نے اپنی سالانہ رپورٹ میں ایران کے بارے میں ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران ایٹمی بم بنانے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔
عالمی اردو خبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق امریکہ کے لیے عالمی خطرات کے نام سے پیش کی جانے والی سالانہ رپورٹ میں جسے سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے پیش کیا گیا ایران، شمالی کوریا اور داعش کی شکست کے بارے میں صدر ٹرمپ کے دعوؤں کو مسترد کر دیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا اپنی تمام ایٹمی سائٹس ختم نہیں کرے گا جبکہ ایران تاحال ایٹم بنانے کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔
رپورٹ میں امریکی انٹیلی جنس نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام کو ایٹم بم بنانے کی جانب نہیں لے جا رہا ہے۔
امریکی انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ ڈان کوٹس نے سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے سامنے بیان دیتے ہوئے صراحت کے ساتھ کہا کہ ہم نہیں سمجھتے کہ ایران اس وقت جو سرگرمیاں انجام دے رہا ہے ان سے ایٹمی ہتھیار بنائے جا سکتے ہیں۔
دریں اثنا سی آئی اے کی سربراہ جینا ہیسپل نے بھی سینیٹ کے سامنے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران فنی لحاظ سے جامع ایٹمی معاہدے پر پوری طرح عمل کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ امریکہ کے اہم ترین انیٹلی جنس اداروں کی یہ رپورٹ جس میں ایران کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی پاسداری کیے جانے کی بات کہی گئی ہے ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ کی ایٹمی معاہدے سے علحٰیدگی کو نو ماہ اور تہران کے خلاف بینکاری اور تیل کے شعبے پر پابندیوں کے دوباہ آغاز کو تین ماہ کا عرصہ گزر رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ البتہ اس سے پہلے دنیا بھر کے ملکوں کی ایٹمی سرگرمیوں کے بارے میں رائے دینے والے مجاز ادارے کی حیثیت سے آئی اے ای اے کی رپورٹوں میں بھی بارہا اس بات کی تصدیق کی جا چکی ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے پر پورے طور سے عمل کر رہا ہے اور امریکہ کی علحٰیدگی کے باوجود ایران نے اس معاہدے پر عملدرآمد جاری رکھا ہےاور اگراس لحاظ سے دیکھا جائے تو امریکی انٹیلی جنس کمیونٹی کی رپورٹ کو در اصل آئی اے ای اے کی رپورٹوں کی پیروی ہی قرار دیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ کے مطابق داعش گروہ اب بھی عراق اور شام میں ہزاروں دہشتگردوں کو کنٹرول کر رہا ہے اور دنیا بھر میں اس کے آٹھ شعبے اور درجنوں نیٹ ورک بدستور کام کر رہے ہیں۔
- ۱۹/۰۱/۳۱