شاہراہ ریشم منصوبے پر عملدرآمد سے ایران چین تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا
ایرانی ناظم الامور:
نیوزنور28 جنوری/ چین میں تعینات ایرانی ناظم الامور نے کہا ہے کہ چین کے تجویزہ کردہ شاہراہ ریشم کے نئے منصوبے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق''حسن شاہ بیگ'' نے چین کے مشہور انگریزی اخبار چائنا ڈیلی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نئے شاہراہ ریشم منصوبے پر عملدرآمد سے ایران چین تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ایران اور چین کی معیشتیں ایک دوسرے سے منسلک ہیں، توانائی کے شعبے میں تعاون دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین نے اسی سلسلے میں ایران کے لئے 10 ارب ڈالر کی ایک کریڈٹ لائن فراہم کرے گا جسے آبپاشی، نقل و حمل اور توانائی کے شعبوں میں خرچ کیا جائے گا۔
حسن شاہ بیگ نے کہا کہ چین کے ترقیاتی بینک نے بھی ایران میں بنیادی ڈھانچوں سے متعلق 15 ارب ڈالر فراہم کرنے پر آمادہ ہے اور اس کے علاوہ چین کے ایکسپورٹ-امپورٹ بینک بھی 10 ارب ڈالر کی کریڈٹ لائن دینے کا فیصلہ کیا ہے.
انہوں نے کہاکہ کریڈٹ لائن کی فراہمی شاہراہ ریشم سے متعلق ایران اور چین کے درمیان تعاون کا ایک اہم حصہ ہے جس کی مدد سے ریلوے لائن، زمینی راستے اور نقل و حمل کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
ایرانی ناظم الامور نے کہاکہ شاہراہ ریشم کے نئے منصوبے کی تکمیل کے لئے ایران ایک اہم اور کلیدی ذریعہ ہے جو مشرق وسطی کے مرکز میں واقع ہے اور ایران اس منصوبے کو شمال-جنوب اور مشرق-مغربی راہداری سے منسلک کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔