یورپ اپنے عمل سے دکھائے کہ وہ آزاد و خودمختار ہے
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان:
نیوزنور28 جنوری/ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ یورپ خصوصی مالیاتی نظام ایس پی وی SPV پر عمل در آمد سے یہ ثابت کر سکتا ہے کہ وہ امریکہ کے دباو میں نہیں ہے اورآزاد و خودمختار ہے۔
عالمی اردوخبررساں ادارے’’نیوزنور‘‘کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نےایران و یورپ کے خصوصی مالیاتی نظام ایس پی وی SPVپر عمل درآمد نہ ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے جوہری معاہدے سے نکلنے اور ایران پر امریکی پابندیوں کے بعد یورپ نے خصوصی مالیاتی پیکیج کے ذریعے ایران کے اقتصادی شعبے میں مدد کی تجویز پیش کی تھی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے وینزویلا کی سیاسی صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کی سرنوشت کا تعین اس ملک کے عوام کے ہاتھ میں ہے اور اگر اس ملک میں مسائل اور اختلاف نظر ہے بھی تو اسے گفت و شنید کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔
بہرام قاسمی نے وینزویلا کے داخلی امور میں امریکی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب اس بدعت کو ختم ہونا چاہئیے اور امریکہ جیسے ملک کو ماضی کی طرح دوسرے ممالک کے امور میں مداخلت نہیں کرنا چاہئیے اور مداخلتوں کے سلسلےکو اب بند ہونا چاہئیے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت سے وینزویلا میں سیاسی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہےاور اپوزیشن لیڈر خوآن گوآئیڈو کو صدر کے عہدے کیلئے پیش کیا جا رہا ہے۔ تاہم عالمی سطح پراسلامی جمہوریہ ایران، روس، چین اور ترکی سمیت کئی ممالک نے وینزویلا کی حکومت اور اس ملک کے صدر نکولس میڈورو کی حمایت کرتے ہوئے اس ملک کے اندورنی مسائل پر کسی بھی غیرملکی مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔